حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجتالاسلام والمسلمین میرباقری نے حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے مقام و فضائل بیان کیے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا ان ممتاز امام زادوں میں شامل ہیں جن کی زیارت کے لیے امام معصوم کی طرف سے خصوصی زیارت نقل ہوئی ہے۔ ائمہ اہل بیت علیہم السلام نے بھی اس عظیم المرتبت خاتون کی زیارت کی تاکید فرمائی ہے۔
شہدا معاشرے کے محسن ہیں
حجتالاسلام والمسلمین میرباقری نے انقلاب اسلامی اور دفاع مقدس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگی میں بہت سے افراد کے حقوق ہوتے ہیں؛ استاد، ڈاکٹر، عالم دین اور دیگر لوگ ہماری ترقی اور نجات میں کردار ادا کرتے ہیں، لیکن ان تمام خدمات کے لیے ملک کی امنیت اور سلامتی ضروری ہے، جو شہدا کی قربانیوں سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر شہدا قربانی نہ دیتے تو عالم دین امن کے ساتھ مسجد میں لوگوں کی رہنمائی نہ کر سکتا، ڈاکٹر اطمینان سے مریضوں کا علاج نہ کر سکتا اور استاد، محقق و موجد بھی محفوظ ماحول میں اپنی خدمات انجام نہ دے سکتے۔
حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کا علمی مقام
انہوں نے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے علمی مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ روایات کے مطابق بعض شیعہ افراد اپنے سوالات کے جوابات کے لیے مدینہ پہنچے، لیکن امام موسیٰ کاظم علیہ السلام وہاں موجود نہیں تھے۔ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا نے ان کے سوالات کے جوابات دیے اور جب امام کاظم علیہ السلام کو اس کا علم ہوا تو آپ نے ان کے جوابات کی تعریف فرمائی۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے بلند علمی مقام کو ظاہر کرتا ہے۔
والدین بچوں کی نماز پر توجہ دیں
حجتالاسلام والمسلمین میرباقری نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔ اولاد کے حقوق میں اچھا نام رکھنا بھی شامل ہے اور والدین کو نام کے معنی اور مفہوم پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے نماز کو بچوں تربیت کا اہم ترین محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو بچوں کی نماز کے بارے میں غفلت نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ نماز اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرتی اور انسان کو مختلف روحانی و اخلاقی نقصانات سے محفوظ رکھتی ہے۔
انہوں نے آخر میں قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی آمد اور اہل قم کی جانب سے ان کے شاندار استقبال کو اہل بیت علیہم السلام سے اس شہر کے گہرے عشق و عقیدت کی اہم علامت قرار دیا۔









آپ کا تبصرہ