حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے تاریخ، سیرت اور تہذیب اسلامی کمپلیکس کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغازِ اسلام سے اب تک اسلام کے تمام شہداء بالخصوص اسلامی انقلاب کے شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا: جامعۃ المصطفیٰ نے گزشتہ چند ماہ کے دوران ان اہم اور تاریخی واقعات کے درمیان جن کا ہم مشاہدہ کر رہے ہیں، علم و معرفت کے حصول کے تسلسل کی ایک قابلِ قدر مثال پیش کی ہے۔ جس پر تمام اساتذہ، طلبہ اور ذمہ داران قابلِ تشکر ہیں۔ جنگ کے ابتدائی ایام کی تشویش اور مشکلات کے باوجود جامعۃ المصطفیٰ میں علم و تعلیم کی شمع روشن رہی اور اس علمی مرکز نے عزم و استقامت کے ساتھ میدان میں اپنی موجودگی برقرار رکھی۔
جامعۃ المصطفیٰ کے سربراہ نے علمی سرگرمیوں کے ساتھ اس مرکز کے فضلا کی مختلف اجتماعات اور مواکب میں شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہمارے عزیز فضلا رات کے اوقات میں اجتماعات اور مواکب میں موجود رہتے تھے، اس کے باوجود علم، معرفت اور تعلیم کا چراغ بھی روشن رہا اور یہ علمی قافلہ ایک دن کے لیے بھی نہیں رکا۔ امید ہے کہ نیا تعلیمی سال بھی گزشتہ تجربات سے استفادہ اور اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے مزید قوت اور بہتر معیار کے ساتھ جاری رہے گا۔
حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے مزید کہا: آج کی دنیا تاریخ کے حساس ترین مراحل میں سے ایک کا تجربہ کر رہی ہے۔ انسانیت روز بروز اس حتمی انجام کے قریب پہنچ رہی ہے جس کا اللہ تعالیٰ اور انبیائے الٰہی نے وعدہ کیا ہے۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ یہ راستہ اور یہ کاروان بالآخر اپنی منزل تک پہنچے گا۔
انہوں نے عالمی حالات میں ہونے والی تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج حق کے محاذ اور باطل کے محاذ، خدا کے یاران اور شیطان کی جماعت، اہلِ حق اور طاغوتوں کے لشکر کے درمیان مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو چکا ہے۔ آج اقوام کے درمیان روابط اور ایک دوسرے کے انجام سے ان کی آگاہی ماضی کے مقابلے میں ناقابلِ موازنہ حد تک بڑھ چکی ہے اور انہی روابط کے باعث ان دونوں جریانوں کے درمیان محاذ بندی نے عالمی صورت اختیار کر لی ہے۔ دنیا کے جس بھی خطے میں ان دونوں محاذوں کے درمیان کوئی مقابلہ رونما ہوتا ہے، وہاں عالمی مستقبل کا ایک حصہ تشکیل پاتا ہے۔
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے سربراہ نے خطے میں حالیہ تحولات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: گزشتہ دنوں یمنی مجاہدین کو حاصل ہونے والی فتوحات ان نشانیوں میں سے ہیں جو مستقبل اور نئی تاریخ کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ انسانی تاریخ کا ایک باب ہمارے اور آپ کے ہاتھوں لکھا جا رہا ہے اور یہ باب اللہ تعالیٰ کی عنایت سے رقم ہوگا، ان شاءاللہ۔









آپ کا تبصرہ