حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منہاجُ القرآن انٹرنیشنل شعبۂ کراچی کے تحت عظیم الشان میلاد کانفرنس منعقد ہوئی؛ جس میں خواتین و حضرات سمیت مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس سے منہاجُ القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن محی الدین قادری خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ قرآن و سنت نے صدیوں پہلے محبت، صلہ رحمی اور حسنِ معاشرت کی تعلیم دی، جبکہ جدید سائنسی تحقیقات بھی مضبوط انسانی تعلقات کو ذہنی و جسمانی صحت کے لیے اہم قرار دیتی ہیں۔ نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے حسنِ اخلاق، محبت اور انسانی تعلقات کو اپنی سیرتِ طیبہ کے ذریعے عملی نمونہ بنا کر پیش فرمایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سیرتِ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے یہ سیکھنا چاہیے کہ رشتہ داروں، صحابہ کرامؓ، بزرگوں، بچوں، کمزور افراد اور غیر مسلموں کے ساتھ کس طرح محبت، احترام اور حسنِ سلوک سے پیش آنا ہے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم لوگوں کی بات سنتے اور ان کے جذبات کا خیال رکھتے تھے، اصلاح فرماتے وقت عزتِ نفس مجروح نہیں ہونے دیتے تھے اور باہمی بدگمانی سے منع فرماتے تھے۔

انہوں نے صلہ رحمی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے رشتے جوڑنے، ان کی ضروریات کا خیال رکھنے اور تعلقات برقرار رکھنے کی تعلیم دی ہے۔ مواخاتِ مدینہ اس کی عظیم مثال ہے، جہاں رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے مہاجرین و انصار کے درمیان ایمان، محبت، ایثار اور اخوت پر مبنی بھائی چارہ قائم فرمایا۔
صدرِ منہاجُ القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ آج ہمیں اپنے گھروں اور معاشرے میں محبت، بردباری اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ میلادِ مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی خوشی کا عملی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے ٹوٹے ہوئے رشتے جوڑیں، دوستوں اور احباب سے تعلق بحال کریں، رشتہ داروں کی خوشی و غمی میں شریک ہوں اور ضرورت مندوں کا سہارا بنیں۔

ڈاکٹر محی الدین قادری نے کہا کہ محبتِ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کا اظہار صرف نعت اور ذکر تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس کا اثر ہمارے اخلاق، رویے اور کردار میں بھی نمایاں ہونا چاہیے۔ ایک سچا عاشقِ رسول اللہ اپنے گھر، خاندان اور معاشرے کے لیے محبت، خیر اور رحمت کا ذریعہ بنتا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ طیبہ کو سمجھنے اور اس پر عمل کرتے ہوئے اپنے رشتے جوڑنے، محبت و اخوت کو فروغ دینے اور معاشرے کے لیے خیر و رحمت کا ذریعہ بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

کانفرس میں ڈاکٹر فاروق ستار، چیئرمین فلسطین فاؤنڈیشن صابر کربلائی، علامہ ڈاکٹر ولی مصطفائی صدرِ پاکستان فلاح پارٹی کراچی، مولانا ساجد حسین، مولانا گل حسن، محمد اصغر رہنماء تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ، محمد تقی، محمد یاور عباس، فرحان غنی بھائی چیئرمین چنیسر ٹاؤن کراچی، مفتی حماد مدنی، پیر سید شوکت گولڑوی، مطیع الرحمان آسی چیئرمین صدائے ملت انٹرنیشنل، علامہ عبدالوحید نورانی، علامہ اختر حسین قادری، علامہ اظہر نورانی، علامہ قاری محمد ریاض، علامہ قاری محمد شفیق قادری، مفتی فیض القادری مہتمم جامعہ غوثیہ طفیلیہ، شمس المصطفیٰ اسدی، پیر سید معراج قذافی چشتی، نصیر احمد و دیگر علماء و مشائخ مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔


اس موقع پر ناظمِ اعلیٰ منہاجُ القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، سرپرست تحریکِ منہاجُ القرآن کراچی قاضی زاہد حسین، بریگیڈیئر ریٹائرڈ عمر حیات، کرنل ریٹائرڈ مبشر اقبال، صدر تحریک منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، ناظمِ تحریک منہاج القرآن کراچی عتیق احمد چشتی، نائب ناظمِ اعلیٰ نظام المدارس پاکستان مفتی مکرم خان قادری، خواجہ عامر اشرف، ڈائریکٹر رحمانیہ کمپلیکس علامہ اختر علی اعوان، سید امجد علی شاہ، علامہ غلام غوث چشتی، ظفر اقبال، راؤ کامران محمود، الیاس مغل، ضیاء الرحمان ضلج انقلابی، محمد یاسر کھوسہ ایڈووکیٹ، جواد انصاری، صارم نور، نصرت رعنا ڈار، ثناء نوید، تحریکِ منہاجُ القرآن اور تمام فورمز کے ذمہ داران و کارکنان اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ