حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منہاجُ القرآن انٹرنیشنل کے تحت لیاقت باغ راولپنڈی پاکستان میں عظیم الشان میلاد کانفرنس منعقد ہوئی؛ جس میں علماء و مشائخ سمیت عاشقانِ رسول (مرد و خواتین) نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے چیرمین سپریم کونسل منہاجُ القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ سیرت مصطفیٰﷺ بولنا ہی نہیں، سُننا بھی سکھاتی ہے۔ آپﷺ ہر کمزور بے بس، بے سہارا کو پوری توجہ سے سُنتے تھے۔ منافقین بھی سیرتِ مصطفیٰﷺ کے اس وصف کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جھوٹ بولتے اور کہانیاں گھڑتے تھے۔ آپﷺ سب جانتے ہوئے بھی اُنہیں سُنتے تھے۔ یعنی منافقین کو بھی یہ یقین تھا کہ آپﷺ سُنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ محبت کا دعویٰ بھی کرتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ آپﷺ نہیں سُنتے وہ اپنے ایمان اور عقیدے کی اصلاح کریں۔ آج بھی جنہیں کوئی نہیں سُنتا وہ تاجدارِ کائناتﷺ کو سُنائیں وہ سُنتے بھی ہیں اور جواب بھی دیتے ہیں۔ جن کمزوروں کو زمانہ دھتکار دیتا تھا آپﷺ اُن کو بھی پوری توجہ اور شفقت سے سُنتے تھے۔ آپﷺ کی اس سُنتِ مبارکہ کو اختیار کرلیا جائے تو ہر طرح کی غلط فہمیاں، تفرقے اور تقسیم کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شکایات سُن لینا حسنِ سماعت نہیں بلکہ اس کا مداوا کرنا اور شکایت کرنے والے کے الفاظ اور قلبی کیفیت کو اپنے دل کے اندر محسوس کرنا حسِ سماعت ہے۔ آپﷺ ہر بولنے والے کو قلب و روح کے ساتھ سماعت فرماتے اور بولنے والے اس حسن سماعت سے ہی یہ سمجھتے تھے کہ اُن کی داد رسی ہوگئی۔ آج ہم دوسروں کی طرف بظاہر متوجہ ہوتے ہیں مگر دل کے کانوں سے نہیں سن رہے ہوتے جس سے بولنے والے کی تکلیف کم ہونے کی بجائے اور بڑھ جاتی ہے۔ توجہ اور ہمہ تن گوش ہوکر نہ سننا یہ سیرتِ مصطفیٰﷺ نہیں ہے۔

کانفرنس میں جگر گوشۂ حضور پیرِ مہر علی شاہ پیر سید جنید الحق گیلانی، پیر محمد سعد الرحمن نقشبندی مجددی، سجادہ نشین آستانۂ عالیہ عیدگاہ شریف، سید منیر حیدر شاہ نقوی، علامہ محمود احمد تبسم، ڈاکٹر فیصل اقبال خان، راجہ زاہد محمود، نائب ناظمین اعلیٰ ڈاکٹر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، چودھری عرفان یوسف، کرنل ر خالد جاوید، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری، صدر منہاج القرآن راولپنڈی وسطی اجمل محمود قادری، محمد شعیب اعوان، سردار عمر دراز خان، قاضی شفیق الرحمن، علامہ ہارون عباسی الازہری، انجینئر محمد سلیم، غلام علی خان، ابرار رضا ایڈووکیٹ، ڈاکٹر میر اشتیاق ایڈووکیٹ، رانا وحید شہزاد، ڈاکٹر عمران یونس، شیخ فرحان عزیز، پیر محمد نسیم احمد ہاشمی، پیر سید اسد شاہ سمیت علماء و مشائخ، قرآء و نعت خواں حضرات اور عاشقانِ رسولﷺ (مرد و خواتین) نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ