پیر 14 ستمبر 2026 - 17:56
شیخ زکزاکی: دشمن عناصر مسلمانوں کے اختلافات سے فائدہ اٹھاتے ہیں

حوزہ/ تحریک اسلامی نائیجیریا کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی طرف واپسی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور عدم اتحاد سے اپنے مفادات حاصل کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک اسلامی نائیجیریا کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی طرف واپسی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور عدم اتحاد سے اپنے مفادات حاصل کرتے ہیں۔

شیخ ابراہیم زکزاکی نے یہ بات تحریک اسلامی نائیجیریا کے ’’ریسورس فورم‘‘ کی جانب سے منعقدہ جشنِ میلادِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ پروگرام اتوار 14 ستمبر 2026 مطابق یکم ربیع الثانی 1448 کو منعقد ہوا۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کے لیے ایک مکمل دین لے کر آئے اور اسی دین کی بنیاد پر معاشرہ قائم کیا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں۔

تحریک اسلامی نائیجیریا کے رہنما نے کہا کہ دشمن پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ مسلمان رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی وحدت اور اتحاد کی علامت سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مسلمانوں کے درمیان مذہب یا قومیت کے نام پر پیدا ہونے والے اختلافات اور جھگڑوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اختلافات سے امتِ مسلمہ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا، بلکہ اس کا فائدہ صرف ان دشمنوں کو ہوتا ہے جو اپنے مفادات کے لیے مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرتے ہیں۔

شیخ زکزاکی نے مزید کہا کہ دشمن لڑائی اور بدامنی پیدا کرکے لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ اسی دوران مسلمانوں کے وسائل لوٹے جاتے ہیں اور عوام مزید غربت اور تفرقے کا شکار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی ان سازشوں کو سمجھنا، مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقی تعلیمات کی طرف واپس آنا، امتِ مسلمہ کے مسائل کے حل کے اہم ذرائع ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک اسلامی نائیجیریا کا ’’ریسورس فورم‘‘ ہر سال یہ پروگرام منعقد کرتا ہے، جس میں ائمہ جماعت، علماء، کارکنان اور معاشرے کے مختلف طبقات کے افراد شریک ہوتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha