حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 12 ربیع الاول، مشہور اہلسنت روایات کے مطابق رسول اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے نائیجیریا کے مختلف شہروں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ریلیاں اور جشن کی تقریبات منعقد ہوئیں جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
ربیع الاول کی 12 تاریخ کو نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ریلیاں نکالی گئیں۔ یہ ریلیاں ہر سال ملک کے مختلف شہروں میں منعقد ہوتی ہیں، جن میں اس سال بھی مردوں، خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء سفید لباس پہنے منظم صفوں میں سڑکوں پر رواں دواں رہے۔ رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار کرنے والوں میں شیخ ابراہیم یعقوب زکزاکی کی قیادت میں نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے کارکنوں کی بھی نمایاں شرکت رہی۔ انہوں نے نظم و اتحاد کے ساتھ ریلی میں شرکت کی اور امام خمینی، شہید رہبر، شہید سید حسن نصراللہ، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای، شیخ ابراہیم زکزاکی اور دیگر مزاحمتی رہنماؤں کے پرچم اور تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
شرکاء راستے بھر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے نعتیہ اشعار اور ترانے پیش کرتے رہے۔ اس موقع پر عوام میں مٹھائیاں، بسکٹ اور کھانا بھی تقسیم کیا گیا، جس سے شہروں کی فضا جشن و مسرت میں بدل گئی۔
واضح رہے کہ نائیجیریا میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ ریلیاں پہلے مرحلے میں منعقد ہوئی ہیں، جبکہ 17 ربیع الاول کو بھی ملک کے مختلف علاقوں میں مزید ریلیاں نکالی جائیں گی۔









آپ کا تبصرہ