بدھ 26 اگست 2026 - 16:00
پاکستان بھر میں جشن میلاد النبی (ص) آج منایا جا رہا ہے

حوزہ / پاکستان بھر میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان بھر میں جشن میلاد النبی (ص) آج منایا جارہا ہے۔ ملک بھر کی فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائےگئے ہیں اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔

دارالحکومت اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، چپہ چپہ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں جگمگا رہا ہے۔ ہر جگہ "جشنِ آمد رسول" کے نعرے گونج رہے ہیں، مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پاکستان بھر میں جشن میلاد النبی (ص) آج منایا جا رہا ہے

کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ جگہ جگہ اسٹالز پر مسجد نبوی (ص) اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول (ص) کی جانب سے محفلِ میلاد کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ کراچی میں عید میلادالنبی کا مرکزی جلوس دن ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہو گا۔

لاہور میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ، عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔ لاہور میں مرکزی جلوس ریلوے اسٹیشن چوک سے نکلے گا۔

پاکستان بھر میں جشن میلاد النبی (ص) آج منایا جا رہا ہے

پشاور میں رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغانی کی گئی ہے۔ محافل، نعت اور میلادالنبی کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، کوئٹہ میں مرکزی اجتماع باچا خان چوک پر ہو گا۔

قابل ذکر ہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی عید میلاد النبی کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

پاکستان بھر میں جشن میلاد النبی (ص) آج منایا جا رہا ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha