حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل سنت کے ممتاز عالم دین، جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل اور جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے حرمین شریفین کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خبریں آرہی ہیں کہ حوثیوں نے ڈرونز داغے ہیں جو مکہ مکرمہ کے قریب گرے ہیں۔ آج کل یہ پروپیگنڈا اپنے عروج پر ہے کہ حوثی حرمین شریفین پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا: سعودی عرب کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ حوثیوں نے ایک ڈرون داغا ہے جبکہ حوثی مسلسل اس کی تردید کر رہے ہیں۔ میرے لیے بھی اس بات کی تردید کرنے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ نہیں ہے۔ یہ ڈس انفارمیشن ہے جو پھیلائی جا رہی ہے۔
مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا: حوثی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بے مثال محبت کرنے والی قوم ہیں۔ اہل یمن کی محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں کوئی مثال نہیں۔ میرے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جس قوم کے لیے برکت کی دعائیں کی ہوں، وہ اسی نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شہر پر کیسے حملہ کر سکتی ہے؟ میرے نزدیک یہ بات جھوٹ، دجل اور فریب پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر دنیائے اسلام کا سب سے بڑا جلوس نکالنے کا اعزاز بھی اہل یمن کے پاس ہے۔ یہ اہل محبت ہیں؛ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر سکتے ہیں لیکن حرمین پر حملہ نہیں کر سکتے۔
مفتی گلزار احمد نعیمی نے پاکستان میں سوشل میڈیا پر جاری بحث کے حوالے سے کہا: آج کل پاکستان میں اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جنگ جاری ہے۔ میں نے اپنی گزشتہ تحریر میں بھی کہا تھا کہ ہمیں ایسی روش سے باز رہنا چاہیے۔ میدان جنگ خلیج ہے، پاکستان نہیں لہٰذا برائے کرم تحمل سے کام لیا جائے۔
انہوں نے کہا: اسرائیل اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو رہا ہے اور اس کے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو ایران نے خاک میں ملا دیا ہے۔ جمہوری اسلامی ایران کی قابلِ ستائش حکمت عملی کی وجہ سے مغرب تقسیم ہو گیا ہے اور یورپ، کینیڈا اور امریکہ کی راہیں جدا ہو چکی ہیں۔
مفتی گلزار احمد نعیمی نے امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت پر زور دیتے ہوئے کہا: لوہا گرم ہے اور اگر امت مسلمہ اتحاد و وحدت کے ہتھوڑے سے چند کاری ضربیں لگانے کے لیے تیار ہو جائے تو آنے والی صدیوں تک پوری دنیا پر امت مسلمہ راج کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا: یہ بات بھی ذہن میں رہنی چاہیے کہ اگر اسرائیل کو حرمین شریفین کے تحفظ کے نام پر حجاز مقدس میں قدم رکھنے کا موقع دیا گیا تو امت مسلمہ اسے کبھی برداشت نہیں کرے گی اور نہ ہی ذمہ داروں کو معاف کرے گی۔ مصر یا کوئی دوسرا ملک ایسی معاونت کی کوشش نہ کرے۔
مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا: حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستانی عوام اور پاک فوج خونِ جگر دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں لیکن براہ کرم پروپیگنڈا اور ڈس انفارمیشن سے گریز کیا جائے۔









آپ کا تبصرہ