جمعرات 17 ستمبر 2026 - 14:36
تحریف شدہ ویڈیو کی اشاعت پر ہندوستان میں دفترِ نمائندگی ولی فقیہ کا مذمتی بیان

حوزہ/ ہندوستان میں دفترِ نمائندگی ولی فقیہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے متعلق سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ایک تحریف شدہ ویڈیو کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو کے بعض حصوں کو اصل واقعے کے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس سے صدر کے طرزِ عمل کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں دفترِ نمائندگی ولی فقیہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے متعلق سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ایک تحریف شدہ ویڈیو کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو کے بعض حصوں کو اصل واقعے کے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس سے صدر کے طرزِ عمل کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ اصل واقعہ یہ تھا کہ ایک شخص نے ایران کے صدر کو ایک خط پیش کیا۔ خط لینے کے بعد وہ ان کے ہاتھ سے زمین پر گر گیا، جسے اٹھانے کے لیے صدر جھکے۔ اس لیے ان کا جھکنا کسی شخص کے سامنے تعظیم یا احترام کے اظہار کے لیے نہیں تھا بلکہ زمین پر گرے ہوئے خط کو اٹھانے کے لیے تھا۔

دفترِ نمائندگی ولی فقیہ نے کہا کہ ویڈیو کے بعض حصوں کو کاٹ کر اور واقعے کی مکمل ترتیب و پس منظر کو نظر انداز کرتے ہوئے نشر کرنے سے اصل مفہوم تبدیل ہوگیا اور ایسا تاثر پیدا ہوا جو حقیقتِ واقعہ کے مطابق نہیں ہے۔

بیان میں اس طرزِ عمل کو صحافتی امانت اور اخلاقی ذمہ داری کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز میں تبدیلی ممکن ہے، اس لیے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا صارفین کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی مواد کو نشر کرنے سے پہلے اس کی صحت، اصل تسلسل اور مکمل پس منظر کی تحقیق کریں۔

دفتر نے غیر مصدقہ، نامکمل یا سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کی تشہیر سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواد سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں اور حقیقت مسخ ہوتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جمہوری اسلامی ایران اور اس کے اعلیٰ حکام تمام ادیان و مذاہب اور ان کے پیروکاروں کے احترام، انسانی کرامت، باہمی احترام، مذاہب کے درمیان مکالمے اور پُرامن بقائے باہمی پر ہمیشہ زور دیتے رہے ہیں۔

دفترِ نمائندگی ولی فقیہ نے ہندوستان کے عوام کے ساتھ ایران کے تاریخی، تہذیبی اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ذمہ دار ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا صارفین مکمل حقیقت اور اصل واقعے کو سامنے رکھتے ہوئے تحریف شدہ یا گمراہ کن مواد کو حقیقت کے طور پر پیش کرنے سے گریز کریں گے۔

تحریف شدہ ویڈیو کی اشاعت پر ہندوستان میں دفترِ نمائندگی ولی فقیہ کا مذمتی بیان

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha