حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU)، حیدرآباد کے شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت میں ریڈیو پوڈکاسٹ اسٹوڈیو اور پروفیسر سید عین الحسن میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مولانا ابوالکلام آزاد کی صحافتی وراثت سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے کی ضروریات کو سمجھیں، عام لوگوں تک اپنی بات پہنچائیں اور صحافت کے میدان میں اپنی الگ شناخت قائم کریں۔
ریڈیو پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کیا، جبکہ ان سے معنون میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کا افتتاح یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد نے انجام دیا۔
اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ صحافت اور ابلاغ کے شعبے میں کامیابی کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہم کس سے مخاطب ہیں اور ہمارے قارئین، ناظرین اور سامعین کی ضروریات کیا ہیں۔ عوام کی دلچسپیوں اور مسائل کو سمجھے بغیر اپنی بات مؤثر انداز میں پہنچانا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے اپنے دور میں معاشرے کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے الہلال اور البلاغ جیسے اخبارات کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور اپنے افکار کو لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صحافت کے طلبہ کو بھی ان کی روایت سے سبق لیتے ہوئے معاشرتی مسائل کا ادراک پیدا کرنا چاہیے اور عام لوگوں کی زبان میں ان تک اپنی بات پہنچانی چاہیے۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ صحافت میں زبان، لہجے، آواز اور اسکرین کے معیار کی بنیادی اہمیت ہے۔ طلبہ اپنی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کریں اور ایسی زبان اختیار کریں جسے عام لوگ آسانی سے سمجھ سکیں۔ اس طرح وہ ذرائع ابلاغ کے میدان میں اپنی منفرد شناخت بنا سکتے ہیں۔

یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد نے میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی تاریخ اور مختلف ادوار میں آنے والی تبدیلیوں کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ اس سے نئی نسل کو میڈیا کے ارتقا اور اس کے بدلتے ہوئے طریقۂ کار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے شعبے میں نئے نصابات اور بنیادی سہولتوں کی ترقی کو سراہتے ہوئے فلم سازی جیسے عملی شعبوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر اہم تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک سے طلبہ کے لیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے ڈین پروفیسر احتشام احمد خان نے بتایا کہ شعبے میں رواں تعلیمی سال سے ایم اے فلم میکنگ کا کورس شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد طلبہ کو فلم سازی کی تکنیکوں سے روشناس کرانے کے ساتھ عملی تربیت فراہم کرنا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، تاکہ وہ اس شعبے میں پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے خود کو تیار کر سکیں۔
تقریب میں ڈائریکٹر ایم ایم ٹی ٹی سی پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈائریکٹر آئی ایم سی رضوان احمد خان، صدر شعبۂ سوشل ورک پروفیسر ایم ڈی شاہد رضا، شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے اساتذہ، تحقیقی اسکالرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔










آپ کا تبصرہ