حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے علمی و روحانی مرکز، مسجدِ اعظم میں اردو زبان کے ممتاز صحافیوں، میڈیا کے اکابرین اور علمی و سماجی شخصیات کی ایک بلند پایہ نشست منعقد ہوئی۔ یہ نشست حجۃ الاسلام والمسلمین سید عرفان مہدی زیدی جنرل ڈایریکٹر روابط عامہ اور بین الاقوامی امور مسجد اعظم،حرم مطهر قم کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس کا محور اردو میڈیا کی اہمیت، عصرِ حاضر کے تقاضے اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے فکری و ثقافتی فروغ تھا۔
نشست کے دوران شرکاء نے اس حقیقت پر روشنی ڈالی کہ اردو زبان محض ایک علاقائی زبان نہیں بلکہ دنیا کی ایک عظیم الشان اور عالمی اثر و رسوخ رکھنے والی زبان ہے، جس کے تقریباً دو ارب سے زائد مخاطب اور سننے والے موجود ہیں۔ *اس وسیع تر انسانی حلقے اور دو ارب کے قریب مخاطبوں کی موجودگی کے پیش نظر، اردو میڈیا کی اہمیت اور اس کے ذریعے پیغامِ حق کی رسائی کو مزید مستحکم کرنا ایک ناگزیر ضرورت ہے۔* شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں معیاری مواد کی تیاری، سچائی کی بنیاد پر خبروں کی پیشکش اور علمی گہرائی کے ساتھ صحافت کے فروغ کے ذریعے ہی اردو زبان کے اثر و رسوخ کو عالمی سطح پر مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

اس نشست میں ایران میں مقیم اردو زبان کے معتبر نمائندے، بشمول جناب آقای منصفی (نائب سربراہ سحر عالمی نیٹ ورک)، حجت الاسلام والمسلمین آقای علیرضا رستگاران (مدیر سحر اردو چینل)، ڈاکٹر راشد نقوی (معروف صحافی)، سید علمدار راوش (سحر عالمی نیٹ ورک)، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمود حسن رضوی (حوزہ نیوز ایجنسی)، حجۃ الاسلام والمسلمین سید عقیل شاہ نقوی (حوزہ نیوز)، حجۃ الاسلام والمسلمین سید آصف اکبر رضوی (معروف تجزیہ نگار)، مولانا اظہر باقر خان، مولانا شمس احمد، جناب علی نجفی برزگر اور دیگر علمی و صحافتی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

اس اہم موقع پر حجۃ الاسلام والمسلمین سید عرفان مہدی نے صحافتی طبقے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے ایک اہم اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بطور جنرل ڈائیریکٹر بین الاقوامی امور و ارتباطات مسجدِ اعظم،حرم مطهر وہ اردو میڈیا کے ارتقاء اور صحافتی سرگرمیوں کو علمی و عملی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مسجدِ اعظم کا دفتر اردو زبان کے فروغ، صحافتی تحقیق، اور میڈیا کے ذریعے علمی و روحانی پیغامات کی ترسیل کے لیے تمام تر علمی، تحقیقی اور انتظامی سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسجدِ اعظم کے اس عظیم الشان علمی و زیارتی مرکز سے وابستہ ہونے کے ناطہ، اردو میڈیا کے لیے تمام تر ضروری تعاون اور باہمی رابطوں کے لیے تمام تر ممکنہ راستے ہموار کیے جائیں گے تاکہ اردو زبان کے ذریعے علمی و روحانی پیغام کو دنیا بھر میں پہنچایا جا سکے۔ اسی موقع پر حجۃ الاسلام والمسلمین سید عرفان مہدی نے نشست میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، میڈیا کے مدیران، نامہ نگاروں، مدعو شخصیات اور علمائے کرام کی بھرپور شرکت اور ان کے فعال کردار پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی علمی و صحافتی خدمات کو سراہا۔

نشست کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علمی اور پیشہ وارانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے ذریعے معاشرتی اور فکری اصلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مسجدِ اعظم کے اس اقدام کو اردو بولنے والے حلقوں اور میڈیا کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔











آپ کا تبصرہ