جمعہ 6 نومبر 2026 - 23:41
علمائے کرگل کا دوٹوک اعلان: دباؤ اور دھمکیاں ہمیں عوامی و سماجی رہنمائی سے نہیں روک سکتیں

حوزہ/ امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کرگل کے علمائے کرام اور ذمہ داران نے ایک پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا پر مذہبی شخصیات اور اداروں کے خلاف جاری دباؤ، دھمکیوں اور خوف زدہ کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے انہیں اپنی دینی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہیں روک سکتے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کرگل کے علمائے کرام اور ذمہ داران نے ایک پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا پر مذہبی شخصیات اور اداروں کے خلاف جاری دباؤ، دھمکیوں اور خوف زدہ کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے انہیں اپنی دینی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہیں روک سکتے۔

امام خمینی ٹاور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں علمائے کرام نے کہا کہ علماء کی ذمہ داری صرف مساجد میں نماز پڑھانے اور منبر سے خطاب کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اسلامی تعلیمات اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کی روشنی میں معاشرے کی رہنمائی، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور عوام سے متعلق سماجی و سیاسی مسائل پر اپنا موقف پیش کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے علماء اور دینی اداروں کو دباؤ میں لانے، دھمکانے اور خاموش کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ علماء کے لیے اپنی مرضی کی حدود مقرر کرے یا انہیں اپنی دینی و سماجی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکے۔

علمائے کرام نے ہندوستانی آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اور مذہبی رہنما کو آزادیٔ اظہار کا جمہوری حق حاصل ہے۔ وہ عوامی مفاد کے مسائل پر اپنی رائے دے سکتے ہیں، پالیسیوں پر غیر جانب دارانہ تنقید کر سکتے ہیں اور عوام کی درست رہنمائی کر سکتے ہیں۔ اس حق کو دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے لداخ کے مستقبل، عوامی حقوق اور زمین کے تحفظ کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی شناخت، ترقی اور آنے والی نسلوں کے مفادات سے متعلق معاملات پر وہ اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کسی بھی قسم کا سیاسی دباؤ یا سمجھوتہ انہیں ان اہم مسائل پر خاموش نہیں کر سکتا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر عوام اور باشعور افراد سے اپیل کی گئی کہ وہ حق و سچائی کا ساتھ دیں، ناجائز دباؤ کو مسترد کریں اور معاشرے کی اخلاقی و سماجی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha