پیر 9 نومبر 2026 - 12:33
ونزوئلا کیوں ناکام ہوا، جبکہ ایران پوری قوت کے ساتھ ڈٹا ہوا ہے؟ دو مختلف نظامِ مقاومت کا فرق جانیے

حوزہ/ کے استاد اور محقق سہیل اسعد نے قم کے مدرسہ معصومیہ میں منعقدہ ایک علمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مقاومت کو صرف مسلح جدوجہد یا کسی سرزمین کے دفاع تک محدود نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ ایک وسیع قرآنی، تاریخی اور تربیتی نظام ہے، جس کی بنیاد ایمان، توکل، اطاعتِ الٰہی، صبر اور استقامت پر قائم ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ارجنٹائن کے استاد اور محقق سہیل اسعد نے قم کے مدرسہ معصومیہ میں منعقدہ ایک علمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مقاومت کو صرف مسلح جدوجہد یا کسی سرزمین کے دفاع تک محدود نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ ایک وسیع قرآنی، تاریخی اور تربیتی نظام ہے، جس کی بنیاد ایمان، توکل، اطاعتِ الٰہی، صبر اور استقامت پر قائم ہے۔

مقاومت؛ امریکی استعمار کے مقابلے کی حکمت عملی کے عنوان سے منعقدہ اس اجلاس میں سہیل اسعد نے اسلامی مقاومت کے مفہوم اور اس کی بنیادی خصوصیات پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام میں جس تحریک کو اسلامی مقاومت کہا جاتا ہے، اسے قرآن و سنت کی روشنی میں سمجھنے اور اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق، موجودہ مقاومت اسلامی ضرور ہے، لیکن اس میں بعض ایسے پہلو موجود ہیں جن پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی فکری اور عملی بنیادیں مضبوط ہوسکیں۔

سہیل اسعد نے قرآن، تفاسیر اور احادیث کی روشنی میں مقاومت کی تین جہتیں بیان کیں، جنہیں انہوں نے طولی، عرضی اور عمقی مقاومت کا نام دیا۔

مقاومت کی پہلی جہت: اللہ کی راہ میں جدوجہد

انہوں نے طولی مقاومت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حق و باطل کی کشمکش انسانی تاریخ کے آغاز سے جاری ہے۔ یہ کشمکش اللہ اور شیطان، انبیاء اور طاغوتوں، اسلام اور کفر کے درمیان مختلف صورتوں میں سامنے آتی رہی ہے۔ ان کے مطابق، کسی تحریک کو اسلامی قرار دینے کے لیے صرف اس کا ظاہری مقصد کافی نہیں، بلکہ اس کی فکری اور اعتقادی بنیاد بھی اسلامی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں جہاد کا تصور ایمان، اخلاص، توکل اور اللہ کی راہ میں جدوجہد سے جڑا ہوا ہے۔ اس لیے محض ظلم اور استعمار کے خلاف لڑنا کسی تحریک کو اسلامی مقاومت کا مکمل مصداق نہیں بناتا۔ انہوں نے چی گویرا، فیڈل کاسترو اور ہیوگو چاویز کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی تحریک کو اسلامی قرار دینے کے لیے اس کی توحیدی بنیاد بھی ضروری ہے۔

انہوں نے شہید مطہری کے نظریات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصل فرق صرف عدل و مساوات کے مطالبے میں نہیں، بلکہ اس مقصد میں ہے جس کے لیے جدوجہد کی جا رہی ہے۔ اسلامی مقاومت کا ہدف صرف مادی کامیابی یا زمین کا حصول نہیں، بلکہ اللہ کی رضا اور انسانی معنوی ترقی بھی ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے امام خمینیؒ کے نظریے ’’حزب مستضعفانِ جہان‘‘ کا ذکر کیا اور کہا کہ مقاومت کا دائرہ کسی ایک ملک یا قوم تک محدود نہیں، بلکہ اس کا تعلق پوری انسانیت سے ہے۔

دوسری جہت: انبیاء سے جاری تاریخی جدوجہد

عرضی مقاومت کی تشریح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقاومت کوئی نئی یا وقتی تحریک نہیں، بلکہ حضرت آدمؑ سے شروع ہونے والی ایک مسلسل جدوجہد ہے، جو اولوالعزم انبیاء، ائمہ اطہارؑ اور امام زمانہؑ کے دور تک جاری ہے۔

انہوں نے اس تاریخی تسلسل کے پانچ اہم مراحل بیان کیے۔ ان میں حضرت نوحؑ کی نبوت اور انسانی رہنمائی کو قبول کرنے کی دعوت، حضرت ابراہیمؑ کی توحیدی معاشرے کی تشکیل کے لیے جدوجہد، حضرت موسیٰؑ کی شریعت اور احکام الٰہی کے نفاذ کی کوشش، حضرت عیسیٰؑ کی جدوجہد اور ان کی واپسی سے متعلق تصورِ حکومت الٰہی، اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دور شامل ہیں۔

ان کے مطابق، اسلامی مقاومت کو انبیاء کی تاریخی جدوجہد سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا، کیونکہ اس کا تعلق ایک مسلسل الٰہی تحریک سے ہے۔

تیسری جہت: قرآنی تربیت اور مجاہدانہ کردار

سہیل اسعد نے عمقی مقاومت کو اس نظامِ تربیت سے تعبیر کیا جس کے ذریعے ایک حقیقی مجاہد کی فکری، روحانی اور عملی شخصیت تشکیل پاتی ہے۔ انہوں نے قرآن کی آیاتِ جہاد کی روشنی میں اس کے 6 بنیادی عناصر بیان کیے: ایمان، اللہ پر توکل، دینِ خدا کی نصرت، اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اولی الامر کی اطاعت، صبر و استقامت اور مادی و نظامی طاقت۔

انہوں نے کہا کہ مقاومت کی اصل بنیاد ایمان ہے اور صرف فوجی طاقت یا جدید ہتھیار کسی تحریک کی کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتے۔ اسی طرح اللہ پر توکل، دینی قیادت کی اطاعت اور مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدمی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے ولایتِ فقیہ کے نظام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام میں قیادت اور رہنمائی کے حوالے سے اتحاد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض لوگ دشمن کے مقابلے میں طاقت کو صرف میزائلوں، اسلحے اور سرنگوں تک محدود سمجھتے ہیں، جبکہ قرآنی تعلیمات میں ایمان، روحانی قوت اور اللہ کی نصرت کو بھی بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے مطابق، امام زمانہؑ کے سپاہیوں کی تربیت کے لیے زندگی کے تمام شعبوں میں توازن اور مکمل آمادگی ضروری ہے۔

ایران اور اسلامی مقاومت کا نظریہ

خطاب کے اختتام پر سہیل اسعد نے اسلامی جمہوریہ ایران کو مقاومت کی ان تینوں جہتوں کا ایک اہم مرکز قرار دیا۔ ان کے مطابق، ایران کی جدوجہد کی بنیاد اسلام، قرآن، اللہ کی حاکمیت اور امام زمانہؑ کے تصورِ حکومت پر ہے اور گزشتہ تقریباً پچاس برسوں سے انقلاب اسلامی کو درپیش مخالفتوں کی بنیادی وجہ بھی اس کا اسلامی اور الٰہی نظریہ ہے۔

انہوں نے امام خمینیؒ کے اس قول کا حوالہ بھی دیا کہ ہمیں جو کچھ حاصل ہوا ہے، وہ عاشورا اور کربلا کی برکت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہبر کی فکری تعلیمات میں عقلانیت، عدالت اور معنویت ایک دوسرے سے جدا نہیں، بلکہ ایک مکمل اسلامی نظام کے بنیادی اجزا ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha