حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے 13 نومبر 2026 کو مشہد مقدس میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یومِ شہادت کے موقع پر ثقافتِ فاطمی کے تحفظ اور معاشرے کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے عزاداری کے جلوس میں شرکت کرنے والے زائرین اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور تعلیمات ہمارے معاشرے کے لیے بہترین نمونہ ہیں، جن کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
آیت اللہ علم الہدیٰ نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کے دو اہم پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گھر پر حملے کے وقت آپؑ نے اپنی عزت و حجاب کی حفاظت کو اہمیت دی اور دشمن کے سامنے بھی اپنے پردے کا خیال رکھا۔ ان کے مطابق، یہ واقعہ ثقافتِ فاطمی میں حجاب کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن آج اسی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کے لیے معاشرے میں بے حجابی اور مغربی ثقافت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے خطبۂ فدکیہ کے لیے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مسجد میں آمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے حجاب اور مکمل پردے کا اہتمام کرتے ہوئے سماجی اور سیاسی میدان میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ثقافتِ فاطمی عورت کو سماجی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا نام نہیں، بلکہ حجاب کی پابندی کے ساتھ سیاسی، سماجی اور مزاحمتی میدانوں میں اس کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
مشہد مقدس کے امام جمعہ نے کہا کہ معاشرے میں بے حجابی کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے اور اس صورت حال کے مقابلے میں عوام اور حکومتی اداروں دونوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے رہبر شہید انقلاب اسلامی کے اس مؤقف کا حوالہ بھی دیا کہ حجاب سے متعلق قانون پر عمل درآمد حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حجاب کے معاملے میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ثابت قدم رہیں جس طرح وہ امریکہ کے مقابلے میں مزاحمت کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی لڑائی یا اختلاف پیدا کرنے کے بجائے مثبت انداز میں لوگوں کو سمجھانے اور انہیں حجاب کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی جائے۔
آیت اللہ علم الہدیٰ نے آخر میں کہا کہ اگر عوام اور ذمہ دار اداروں نے ثقافتِ فاطمی کے تحفظ میں کوتاہی کی تو انہیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے سامنے جواب دینا ہوگا۔ دشمن جنگ کے محاذ پر مقابلے کے ساتھ اندرونِ ملک ثقافتی شناخت کو بھی نشانہ بنا رہا ہے، اس لیے ہر شخص کو اپنی استطاعت کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا
چاہیے۔










آپ کا تبصرہ