حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ دری نجف آبادی نے آج اپنے درس خارج کے دوران علامہ طباطبائیؒ کی علمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ بلند علمی و معنوی مقام کے ساتھ تحریر، تقریر، تصنیف، علمی مکاتبات اور شاگردوں کی تربیت کے میدان میں بھی ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید مطہری، شہید بہشتی، آیت اللہ سبحانی اور آیت اللہ جوادی آملی جیسی اہم علمی شخصیات نے علامہ طباطبائی کے علمی فیض سے استفادہ کیا۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے حوزہ علمیہ قم میں عقلی اور فلسفی علوم کے فروغ میں علامہ طباطبائی کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علمی نشستوں اور کتاب ’’اصول فلسفہ‘‘ جیسی تصانیف کے ذریعے اسلامی عقائد و افکار کی وضاحت کی اور بالخصوص مارکسزم اور مادہ پرستی جیسے نظریات کا علمی انداز میں جواب دیا۔
انہوں نے تفسیر المیزان کو علامہ طباطبائی کا عظیم علمی ورثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کی قرآن سے تفسیر کے طریقے پر لکھی گئی یہ کتاب عقائد، سیاست، معاشرت، ثقافت، تاریخ اور احادیث سمیت مختلف موضوعات پر گہری بحث پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ طباطبائی نے اس تفسیر میں مختلف مکاتب فکر کے نظریات کا جائزہ لیتے ہوئے مشرق و مغرب کے فکری مباحث اور اہل کتاب سے متعلق موضوعات پر بھی گفتگو کی اور قرآن کریم اور مکتب اہل بیت(ع) کی گہری تعلیمات کو واضح کیا۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے علامہ طباطبائی کے تفسیری مکتب سے واقفیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ جوادی آملی سمیت حوزہ علمیہ قم کے متعدد معاصر علماء اور مفسرین نے ان کے علمی و فکری ورثے سے استفادہ کیا ہے اور آج حوزہ علمیہ میں پیش کی جانے والی تفسیری خدمات بھی کسی نہ کسی صورت میں اسی علمی سلسلے کا تسلسل ہیں۔
انہوں نے علامہ طباطبائی کی معنوی اور عرفانی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت صرف علم و فلسفے تک محدود نہیں تھی بلکہ ولایت سے متعلق ان کے عرفانی رسائل اور تحریریں اللہ تعالیٰ سے گہری وابستگی اور معارف اہل بیت(ع) سے ان کے مضبوط تعلق کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے علامہ طباطبائی کی سادہ زندگی اور زہد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلند علمی مقام کے باوجود ان کی زندگی سادگی، اخلاص اور قناعت سے عبارت تھی۔ وہ علم و معرفت کے حصول میں مصروف رہتے تھے اور طلاب و محققین کے لیے ایک بہترین نمونہ ہیں۔
درس کے آخری حصے میں آیت اللہ دری نجف آبادی نے کتاب توحید کے مباحث کو آگے بڑھاتے ہوئے حدوث اور ازلیت کے درمیان فرق واضح کیا اور کہا کہ جو چیز حادث ہو وہ ازلی نہیں ہوسکتی اور جو ازلی ہو وہ حادث نہیں ہوسکتی، کیونکہ حدوث کا مطلب عدم کے بعد وجود میں آنا ہے، جبکہ ازلیت کا مطلب یہ ہے کہ کسی چیز کی کوئی ابتدا نہ ہو۔










آپ کا تبصرہ