حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مرکزی میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے اراک میں مدرسہ علمیہ امام خمینیؒ کے طلبہ، اساتذہ اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنے عزم کو مضبوط بنائیں، خداوند عالم سے اپنے عہد و پیمان کو مستحکم کریں اور روحانی و عملی آمادگی پیدا کرکے اسلام، قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کے دفاع کے لیے مضبوط قلعہ بن جائیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو مستقبل میں عالم اسلام کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے ابھی سے خود کو تیار کرنا چاہیے۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے مدرسہ علمیہ امام خمینیؒ اراک کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دینی معارف سے آگاہ اور باایمان افراد کی تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حوزات علمیہ نے تاریخ کے مختلف ادوار میں مکتب اہل بیت علیہم السلام کی ترویج، دینی علما کی تربیت اور معاشرے کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے حوزہ علمیہ قم کی تشکیل اور ترقی میں علما اور دینی شخصیات کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم بالخصوص موجودہ دور میں عالم اسلام کے اہم علمی اور دینی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ طلبہ کی تربیت اور اسلامی معارف کی ترویج اس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
امام جمعہ اراک نے طلبہ کو ان کے مقصد اور دینی تعلیم کے محرکات کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر طالب علم کو سب سے پہلے اپنے لیے صحیح راستے کا انتخاب کرنا چاہیے، تاکہ آگے چل کر دوسروں کی رہنمائی کرسکے۔ حوزہ علمیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا اصل مقصد اسلام، قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کی خدمت اور دینی معارف کی وضاحت و تبلیغ ہونا چاہیے۔
انہوں نے علم کے ساتھ عمل، تقویٰ، اخلاص، علمی جدوجہد اور دینی اقدار کی پابندی کو بھی ضروری قرار دیا اور کہا کہ طلبہ کو دورانِ تعلیم دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے اپنی صلاحیتیں نکھارنی چاہئیں۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے مزید کہا کہ حوزات علمیہ کو طلبہ کی علمی اور روحانی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا چاہیے، تاکہ وہ دینی تبلیغ، تدریس، ثقافتی سرگرمیوں اور یونیورسٹیوں سمیت مختلف میدانوں میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم حاصل کرنے، اپنی اصلاح کرنے اور عوام کی خدمت کے راستے پر سنجیدگی سے آگے بڑھیں اور معاشرے کی دینی و ثقافتی ضروریات پوری کرنے کے لیے ضروری علم اور مہارتیں حاصل کریں۔










آپ کا تبصرہ