جمعرات 26 نومبر 2026 - 10:27
حوزہ اور یونیورسٹی کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون کی مضبوطی امام خمینی (رہ) کے اہم مطالبات میں شامل تھا

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین حاجی صادقی نے جمہوریہ اسلامی ایران کے خلاف دشمن کی حکمت عملی میں تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج اصل محاذِ جنگ، پروپیگنڈہ، میڈیا، فکری اور اعتقادی محاذ ہے۔ دشمن فوجی دباؤ اور عسکری ذرائع سے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد عوام کے عقائد، افکار اور ارادوں کو تبدیل کرنے اور ان کے ذہنوں اور دلوں کو تسخیر کرنے کے درپے ہے۔ اس لیے نئی نسل کے ایمان، اسلامی شناخت اور امید کا تحفظ، طلبہ اور طالبات کی بسیج کی اہم ترین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین حاجی صادقی نے مدرسہ علمیہ فیضیہ قم میں امام خمینی (رہ) کے تاریخی فرمان کے تحت طلبہ اور طالبات کی بسیج کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ قومی کانفرنس ’’عہد و پیمان سے جدید اسلامی تمدن تک‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے 2 آذر 1367 ہجری شمسی / 23 نومبر 1988ء کے تاریخی پیغام کی ازسرِنو تشریح کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا: امام خمینی (رہ) کا طلبہ اور طالبات کی بسیج کے حوالے سے پیغام ایک اہم تزویراتی منشور ہے، جس میں بے شمار صلاحیتیں اور رہنما اصول موجود ہیں۔ اس پیغام کا مسلسل مطالعہ، ازسرِنو جائزہ اور اس کے مفاہیم کی وضاحت ضروری ہے۔

سپاہ پاسداران میں نمائندہ ولی فقیہ نے طلبہ اور طالبات کی بسیج کے حوالے سے امام خمینی (رہ) کی دور اندیشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: امام راحل نے اس پیغام میں بسیج کو ملک کے مستقبل کی ضمانت قرار دیا اور اس کے لیے تین سطحوں پر ذمہ داریاں متعین کیں: حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کی سطح، قومی سطح اور عالمی و بین الاقوامی سطح۔ ان ذمہ داریوں میں اسلام اور انقلاب کا دفاع اور اسلامی اہداف کی تکمیل کی جانب پیش قدمی شامل ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین حاجی صادقی نے امام خمینی (رہ) کے پیغام کی روشنی میں طلبہ اور طالبات کی بسیج کی ذمہ داریوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: اسلام اور انقلاب کا جرأت مندانہ دفاع، انقلابی اصولوں کی حفاظت اور نفوذ کے عناصر کا مقابلہ اس تنظیم کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا: حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کے ماحول میں طلبہ اور طالبات کی بسیج کو اسلام اور انقلاب کے بنیادی اصولوں کی حفاظت کرتے ہوئے ان عناصر کے مقابلے میں ہوشیار رہنا چاہیے جو انقلاب کے راستے کو منحرف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین حاجی صادقی نے اس بات پر زور دیا کہ نفوذ کا مطلب صرف افراد کا مختلف اداروں اور تنظیموں کے ڈھانچوں میں داخل ہونا نہیں، بلکہ یہ فکری اور اعتقادی سطح پر بھی ہوسکتا ہے۔ منحرف نظریات کو دینی روشن خیالی جیسے عنوانات کے تحت فروغ دینا یا معاشرے میں مصنوعی تقسیم اور دو قطبی فضا پیدا کرنا بھی نفوذ کی ایسی صورتیں ہیں جو معاشرے کو انقلاب کے بنیادی اصولوں سے دور کرسکتی ہیں۔ لہٰذا فکری تحریکوں کی درست شناخت اور انحرافات کی تشخیص، حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی میں بسیج کی سرگرمیوں کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو بھی امام خمینی (رہ) کے اہم مطالبات میں شمار کیا۔

انہوں نے مزید کہا: قومی سطح پر طلبہ اور طالبات کی بسیج کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیگر بسیجیوں کی اعتقادی اور فکری رہنمائی کرے اور اسلام ناب محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تعارف کرائے۔ اس سلسلے میں اسے فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے طلبہ اور طالبات کی بسیج کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عالمی سطح پر ایک عظیم اسلامی حکومت کے قیام اور دنیا بھر میں مقاومتی مراکز تشکیل دینے کے لیے کوشش، منصوبہ بندی اور مناسب ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، کیونکہ بسیج کی ذمہ داریاں کسی ایک جغرافیائی حدود یا مخصوص زمانے تک محدود نہیں بلکہ اسلامی تحریک کے وسیع تر اہداف کا احاطہ کرتی ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha