حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حوزہ علمیہ خواہران کی استاد نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نئی طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: یہ دن ہم سب کے لئے علم و دانش کی یاد دہانی ہے۔ بہت سوں کے لئے یہ صرف نئے تعلیمی سال کی ابتدا نہیں بلکہ تجربات، نامانوس چیلنجز اور لامحدود مواقعوں کی دنیا میں پہلا قدم ہے۔
انہوں نے کہا: میں تمام طالبات کو نصیحت کرتی ہوں کہ جب حوزہ میں آئیں تو فکر اور ہدف کے ساتھ آئیں اور حوزہ علمیہ میں موجود علمی و تربیتی ترقی نظام کو ہمیشہ مدنظر رکھیں۔
حوزہ علمیہ کی استاد نے کہا: جو لوگ پہلی بار ایک ایسے تعلیمی ماحول میں قدم رکھتے ہیں جو ان کے ماضی سے مختلف ہے تو وہ بیک وقت جوش و ولولے اور اضطراب کا سامنا کرتے ہیں لیکن اس بابرکت سفر میں چند سادہ نصیحتیں سکون بخش ثابت ہو سکتی ہیں۔
محترمہ خانم باقری نے کہا: آج کے معاشرے کو ایک باایمان اور بااخلاق خاتون طالبہ کی شدید ضرورت ہے کیونکہ موجودہ دور میں طالبہ معاشرے میں نہایت مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
مدرسہ علمیہ خواہر کوثر کاشان کی ثقافتی امور کی سرپرست نے مزید کہا: وہ خواتین جو حوزہ علمیہ میں مدعو ہوئیں ہیں ایک خاص توجہ کا مرکز ہیں اور ان شاء اللہ اپنی سماجی اور دینی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں انجام دیں گی۔
انہوں نے کہا: جو خواتین اپنی مادری اور ازدواجی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ حوزہ علمیہ میں قدم رکھتی ہیں انہیں رہبر معظم انقلاب کی رہنمائیوں کو سامنے رکھنا چاہیے۔ رہبر معظم ہمیشہ اس بات کی تاکید فرماتے ہیں کہ اگر ایک خاتون جو ماں اور بیوی ہے دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے اور ساتھ ہی سماجی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہتی ہے تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ اس کی پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری اس کا بیوی اور ماں ہونا ہے۔ اگر وہ فیصلہ کرے کہ ان دونوں عظیم ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ طالبہ بھی بنے تو اس کی زندگی میں ایک نمایاں تبدیلی نظر آنی چاہئے یعنی اس کا خاندان محسوس کرے کہ ماں اور بیوی ہونے کے ساتھ ساتھ طالبہ بننے سے اس کے اخلاق، رویے اور تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور اس کی توجہ اور خدمت میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔
حوزہ علمیہ خواہران کی استاد نے کہا: طالبات کو چاہیے کہ وہ حصول علم کے لیے ذاتی منصوبہ بندی کریں اور اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کی بنیاد پر فیصلہ کریں تاکہ کامیاب ہو سکیں۔ اگر وہ غیر حقیقی تصورات یا کمال پسندی کی بنیاد پر حوزہ علمیہ میں داخل ہوں گی تو نقصان اٹھائیں گی۔









آپ کا تبصرہ