حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ انجمنِ امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ کا اجلاس امامیہ مرکز، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں صدر انجمن حجۃ الاسلام آغا سید باقر الحسینی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بزرگ مرجعِ دینی حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی قدس سرۃ کی رحلت پر عالمِ اسلام، علمائے کرام اور حضرت امام زمانہؑ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی گئی۔ مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ آغا باقر الحسینی نے ان کی رحلت کو حوزہ ہائے علمیہ اور عالمِ اسلام کے لیے عظیم علمی و دینی نقصان قرار دیا۔
اجلاس میں کراچی میں ایامِ فاطمیہ کے سلسلے میں عزاداروں کے خلاف درج ایف آئی آرز کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکاء نے عزاداریِ اہلِ بیتؑ میں رکاوٹوں کو یزیدی طرزِ فکر قرار دیا۔ اسی طرح بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت متعدد شیعہ علمائے دین کو عمر قید اور چار دیگر مذہبی شخصیات کو پندرہ، پندرہ سال قید کی سزائیں سنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادی کے منافی قرار دیا گیا اور علمائے دین کے خلاف کارروائیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر مرحوم آیت اللہ وحید خراسانی قدس سرۃ کی بلندیِ درجات، کراچی کے عزاداروں کی مشکلات کے خاتمے اور بحرین کے علمائے دین و عوام کی سلامتی و سربلندی کے لیے دعا کی گئی۔










آپ کا تبصرہ