حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کوئٹہ/ مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ کلان، میکانگی روڈ کوئٹہ میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ کوئٹہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید ہاشم موسوی نے غزہ، بحرین اور یمن کی صورتِ حال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام، بالخصوص بچے، دشمن کی مسلسل بمباری اور سخت موسمی حالات کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کی بے بسی اور کسمپرسی اللہ تعالیٰ کی جانب سے دنیا بھر کے انسانوں، بالخصوص مسلم حکمرانوں کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے حوالے سے اس الٰہی امتحان میں مسلم حکمرانوں کی اکثریت ناکام ہو چکی ہے۔ مظلوم فلسطینی عوام کی مشکلات اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے مقابلے میں مسلم حکمرانوں کا طرزِ عمل قابلِ غور ہے۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے بحرین میں مؤمنین پر جاری مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کبھی پائیدار نہیں ہوتا۔ ظالموں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے مظالم ہی ان کے زوال کا سبب بنیں گے اور وہ تاریخ کے صفحات سے مٹ جائیں گے۔
یمن کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے یمن پر جاری بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ آلِ سعود کی حکومت میدانِ جنگ میں یمنی مجاہدین کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے، لیکن نہتے یمنی عوام کو نشانہ بنا کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ یہ طرزِ عمل بزدلی اور ظلم کی عکاسی کرتا ہے۔










آپ کا تبصرہ