ہفتہ 21 نومبر 2026 - 08:10
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی علمی میراث اور عزاءِ فاطمیہ کے احیاء کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے؛ مولانا محمد معراج رنوی

حوزہ/آیت اللہ وحید خراسانی کی یاد میں گزشتہ روز مسجد معصومین علیہم السلام، پیرس چنئی، تمل ناڈو میں مجلسِ عزاءِ امام حسین علیہ السلام برائے ترویحِ روحِ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مؤمنین و محبینِ اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کرکے مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ استاذ الاساتذہ، أعلم العلماء، مرجعِ برجستہ، محرکِ عزاءِ فاطمیہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ الشیخ حسین وحید خراسانی طاب ثراہ کی رحلتِ حسرت آیات کے موقع پر گزشتہ روز مسجد معصومین علیہم السلام، پیرس چنئی، تمل ناڈو میں مجلسِ عزاءِ امام حسین علیہ السلام برائے ترویحِ روحِ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مؤمنین و محبینِ اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کرکے مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قرآن خوانی سے ہوا، جس کے بعد جناب روشن علی صاحب نے سوز خوانی کے ذریعے بارگاہِ اہل بیت علیہم السلام میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا اور فضا کو سوگوار بنا دیا۔

بعد ازاں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد معراج رنوی، امام جمعہ پیرس چنئی نے مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی طاب ثراہ کی حیاتِ علمی، دینی خدمات، گراں قدر آثار و تصنیفات اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

مولانا معراج رنوی نے اپنے خطاب میں بالخصوص آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی عزاءِ فاطمیہ کے حوالے سے عالمی سطح پر برپا کردہ تحریک اور اس کے دینی، مذہبی و فکری اثرات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی علمی بصیرت، دینی استقامت اور سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے احیاء کے لیے جدوجہد تاریخِ تشیع کا ایک اہم اور قابلِ قدر باب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت صرف ایک عظیم علمی و دینی شخصیت کا فقدان نہیں بلکہ عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی نقصان ہے۔ آپ کی علمی میراث، تحقیقی خدمات اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج کے لیے انجام دی گئی کاوشیں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

خطاب کے اختتام پر مولانا محمد معراج رنوی نے مصائبِ شاہزادۂ کونین و حضرت امام حسین علیہ السلام بیان کیے، جس پر مجلس میں شریک عزاداران و مؤمنین نے اشکِ غم کے ساتھ بارگاہِ امام مظلوم علیہ السلام میں پرسہ پیش کیا۔

مجلس کا اختتام مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی طاب ثراہ کے ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ مبارکہ فاتحہ کی تلاوت، بلندیِ درجات اور مغفرت کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمتِ اقدس میں بھی اس عظیم سانحۂ ارتحال پر تعزیت و تسلیت پیش کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha