حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس بیان میں حوزہ علمیہ خواہران ایران کے طلاب، اساتذہ اور اراکین نے بحرین کے مظلوم علماء اور مسلمان عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے مذہبی اور شہری سطح کی پُرامن سرگرمیوں کے خلاف سکیورٹی اور عدالتی کارروائیاں بند کرنے اور اس ملک میں آزادیِ عقیدہ و اظہارِ رائے کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بیانیہ کا مکمل متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
«وَلَا تَرْکَنُوا إِلَی الَّذِینَ ظَلَمُوا فَتَمَسَّکُمُ النَّارُ» اور ظالموں کی طرف ہرگز نہ جھکنا، ورنہ تمہیں بھی آگ آ لے گی۔ (سورۂ ہود، آیت 113)
آج ایسے وقت میں جب عالمِ اسلام کو ظلم اور استکبار کے محاذ کے مقابلے میں اتحاد، یکجہتی اور استقامت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، آلِ خلیفہ کی جانب سے بحرین کے ممتاز علماء، جن میں آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم اور شیخ حسین الدیہی بھی شامل ہیں، کے خلاف سخت عدالتی سزاؤں کا اجرا تشویش ناک اور عدل، مذہبی آزادیوں اور اقوام کے بنیادی حقوق کے منافی اقدام ہے۔ اس طرزِ عمل کو استکباری طاقتوں اور عالمی صہیونزم کے تسلط پسندانہ اور مداخلت پسندانہ عزائم کے تسلسل کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
حوزاتِ علمیہ خواہران جمہوریہ اسلامی ایران اس اقدام کی مذمت اور بحرین کے مظلوم علماء اور مسلمان عوام سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مظلوموں کا دفاع اور ظلم کے مقابلے میں استقامت ایک دینی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہوتا ہے: «کُونُوا قَوَّامِینَ بِالْقِسْطِ شُهَدَاءَ لِلَّهِ» (سورۂ نساء، آیت 135)
فلسطین کی مظلوم قوم اور غزہ کے عوام کی حمایت، صہیونی حکومت کے جرائم کی مذمت اور امریکہ و صہیونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں جمہوریہ اسلامی ایران کی حمایت کے حوالے سے بحرین کے علماء کے موقف، اسی دینی اور انسانی ذمہ داری کا مظہر ہیں۔ بلاشبہ مظلوموں کی حمایت اور قبضے و جارحیت کے خلاف احتجاج جرم نہیں بلکہ امتِ اسلامی کے بیدار ضمیر کی عکاسی ہے۔ کوئی طاقت بھی بھاری سزاؤں اور سیاسی دباؤ کے ذریعہ دینی علماء کی حق طلبانہ آواز کو خاموش نہیں کرسکتی۔
دوسری جانب، اسلامی سرزمینوں میں خطے سے باہر کی طاقتوں بالخصوص امریکہ کی فوجی موجودگی اور علاقائی سلامتی کے معاملات میں ان کے فوجی اڈوں کا کردار، خطے کی اقوام کے بنیادی مسائل اور قابلِ اعتراض امور میں شامل ہے۔ بحرین کے عوام کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کی موجودگی کے حوالے سے مطالبہ کریں اور آزادی، شفافیت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کا مطالبہ اٹھائیں۔
کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دینی چاہیے کہ اس کی سرزمین اور وسائل دوسرے ممالک بالخصوص اسلامی ممالک کے خلاف جارحیت کے لیے استعمال ہوں کیونکہ خطے میں پائیدار سلامتی اقوام کی خودمختاری اور غیر ملکی طاقتوں کی تسلط پسندانہ مداخلت کے خاتمے سے وابستہ ہے۔
اس دوران بعض عرب حکومتوں، مغربی طاقتوں اور انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے بحرین کے علماء کے خلاف سیاسی اور عدالتی دباؤ پر خاموشی اور دوہرا معیار، انسانی حقوق کے دعووں اور آزادی و جمہوریت کے علمبرداروں کے عملی کردار کے درمیان تضاد کا ایک اور پہلو ہے۔ انسانی حقوق اور آزادیِ عقیدہ کی بات کرنا لیکن اپنے اتحادی ممالک میں انہی حقوق کی خلاف ورزی پر خاموش رہنا قابلِ قبول نہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بحرین کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور گرفتار علماء کی صورتِ حال کی پیروی کے لیے اقدامات کریں گے۔
حوزاتِ علمیہ خواہران ایران کی طلاب، اساتذہ اور اراکین بحرین کے مظلوم علماء اور مسلمان عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے جاری کردہ سزاؤں پر نظرثانی، منصفانہ اور آزاد عدالتی کارروائی کی ضمانت، پُرامن مذہبی اور شہری سرگرمیوں کے خلاف سکیورٹی و عدالتی کارروائیوں کے خاتمے، آزادیِ عقیدہ و اظہارِ رائے کے تحفظ، اسلامی ممالک کے خلاف جارحیت میں خطے کے ممالک کی صلاحیتوں کے استعمال کی روک تھام اور تسلط پسند طاقتوں کی مداخلت کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
آخر میں بحرین کے حکمرانوں کو قرآن کریم کا یہ نورانی فرمان یاد دلاتے ہیں، جس میں خداوند متعال ارشاد فرماتا ہے: «وَلَا یَجْرِمَنَّکُمْ شَنَآنُ قَوْمٍ عَلَیٰ أَلَّا تَعْدِلُوا ۚ اعْدِلُوا هُوَ أَقْرَبُ لِلتَّقْوَیٰ» (سورۂ مائدہ، آیت 8)
"کسی قوم کی دشمنی تمہیں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم عدل و انصاف نہ کرو۔ انصاف کرو کہ یہی تقویٰ سے زیادہ قریب ہے۔"
بلاشبہ بحرین کے علماء اور دینی شخصیات پر دوہرا ظلم، غیر منصفانہ سزاؤں کا اجرا اور ان کی آزادی سلب کرنا قرآن کریم کی واضح تعلیمات اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے منافی ہے اور اس کے نتیجے میں خداوند متعال کی بارگاہ میں ایک سنگین ذمہ داری عائد ہوگی۔
عدل و انصاف ایک الٰہی اور ہمہ گیر اصول ہے اور کوئی بھی مذہبی، سیاسی یا اعتقادی اختلاف انسانوں پر ظلم اور ان کے حقوق کی پامالی کا جواز نہیں بن سکتا۔ اسی بنا پر ہم بحرین کے علماء اور دینی شخصیات کے خلاف ظالمانہ سزاؤں کی فوری منسوخی، جابرانہ کارروائیوں کے خاتمے اور جدوجہد کرنے والے مظلوم علماء و روحانی شخصیات کی رہائی کا پُرزور مطالبہ کرتے ہیں۔
بلاشبہ عزت اور پائیدار سلامتی کا حصول عدل، خودمختاری اور تسلط پسندی کے خلاف جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے، نہ کہ خوف و ہراس، قید اور حق طلب آوازوں کو خاموش کرنے سے۔
علماء کی حق طلبانہ آواز کو عدالتی سزاؤں کے ذریعے خاموش نہیں کیا جاسکتا اور عدل کے نصب العین کو جیل کی دیواروں کے پیچھے قید نہیں کیا جاسکتا۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
حوزاتِ علمیہ خواہران کی طلاب، اساتذہ اور انتظامیہ










آپ کا تبصرہ