حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد مہدی آباد، ضلع کھرمنگ میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے امام جمعہ والجماعت حجۃ الاسلام والمسلمین سید ہادی الموسوی نے مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لیے عظیم علمی و دینی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں خود احتسابی، دوسروں کی مشکلات پر ہمدردی، ازدواج میں ایمان و اخلاق کی اہمیت اور علاقے میں بجلی کی ترسیل کے مسائل پر بھی گفتگو کی۔
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت عالم اسلام کا عظیم نقصان
مولانا سید ہادی الموسوی نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات صرف ایک عظیم شخصیت کا دنیا سے رخصت ہونا نہیں بلکہ عالم اسلام کے لیے بڑا علمی و دینی نقصان ہے۔ وہ بلند پایہ فقیہ، عظیم مرجع تقلید اور اہل بیت علیہم السلام کے مخلص خادم تھے، جن کی زندگی علم، تقویٰ، زہد اور خدمتِ ولایت سے عبارت تھی۔
مولانا انہوں نے کہا کہ ایسی عظیم علمی و دینی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان کی سیرت کو اپنی زندگی میں اپنائیں، ان کے علمی آثار کو عام کریں اور ان کے لیے دعائے مغفرت و بلندیِ درجات کریں۔
خود احتسابی اور دوسروں کی مصیبت پر ہمدردی
امام جمعہ نے اخلاقی و معاشرتی اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو سب سے پہلے اپنے عیوب اور کمزوریوں پر توجہ دینی چاہیے۔ جو شخص دوسروں کے عیب تلاش کرنے میں مصروف رہتا ہے، وہ اکثر اپنی اصلاح سے غافل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی دوسرے شخص کی مصیبت پر خوش ہونے کے بجائے اس کے دکھ میں شریک ہونا چاہیے، کیونکہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے اور آزمائش کسی پر بھی آ سکتی ہے۔ مؤمن کی پہچان یہ ہے کہ وہ دوسروں کی مشکلات پر ہمدردی اور خیرخواہی کا مظاہرہ کرے۔
نوجوانوں کے لیے پیغام؛ ازدواج میں ایمان اور اخلاق کو ترجیح دیں
مولانا سید ہادی الموسوی نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے لیے رشتہ منتخب کرتے وقت ظاہری خوبصورتی کے بجائے ایمان، اخلاق، کردار اور دینی شعور کو بنیادی اہمیت دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صرف چہرے کی خوبصورتی اور ظاہری آرائش کو ازدواجی زندگی کی بنیاد بنانا درست نہیں، کیونکہ حسن عارضی ہوتا ہے، جبکہ ایمان اور اخلاق زندگی بھر ساتھ رہنے والی صفات ہیں۔ ازدواجی زندگی کی مضبوط بنیاد دین داری، باہمی احترام اور اچھا کردار ہے۔
انہوں نے شریکِ حیات کے انتخاب میں عقل و شعور، دینی وابستگی، حیا اور ذمہ داری کے احساس کو بھی ضروری قرار دیا اور کہا کہ نکاح محض جسمانی تعلق نہیں بلکہ خاندان کی تشکیل، نسل کی تربیت اور ایک دوسرے کی ذمہ داریوں کو نبھانے کا عہد ہے۔
عوامی مسائل اور بجلی کی ترسیل پر محکمہ برقیات سے مطالبہ
خطاب کے ایک حصے میں امام جمعہ نے علاقے میں بجلی کی فراہمی اور وولٹیج کی کمی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ سردیوں میں بجلی کی پیداوار اور فراہمی میں کمی کے پیش نظر غیر ضروری بجلی کے استعمال سے اجتناب کریں۔
انہوں نے محکمہ برقیات کی توجہ علاقے میں بجلی کی ترسیل کے مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ درختوں کی شاخ تراشی اور دیگر انتظامی اقدامات کے باوجود علاقے میں وولٹیج کی کمی اور بجلی کی بار بار بندش کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ خصوصاً نماز اور کھانے کے اوقات میں بجلی کی ٹرپنگ عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے کی بجلی کا وولٹیج کم کرکے دوسرے علاقوں کو بجلی فراہم کرنا قابل قبول نہیں۔ ہمیں دوسرے علاقوں کو بجلی کی فراہمی پر اعتراض نہیں، تاہم مہدی آباد اور گردونواح کے عوام کو بھی بجلی کی مناسب اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔
مولانا سید ہادی الموسوی نے بعض مقامی سطح کی شکایات اور محکمہ کے عملے پر دباؤ ڈالے جانے کی اطلاعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نوعیت کی شکایات درست ثابت ہوئیں تو اس پر عوام کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
انہوں نے محکمہ برقیات کے نئے ایکسیئن اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل حل کرنے اور علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ عوام کی دعائیں حاصل کرنے والے کام کیے جائیں، انہیں مشکلات میں مبتلا کرنے سے گریز کیا جائے۔ امید ہے کہ نئی انتظامیہ عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔










آپ کا تبصرہ