تحریر: مولانا محمد مہدی فاضل
حوزہ نیوز ایجنسی| تاریخِ وفا کے باب میں کچھ ہستیاں ایسی ہیں جن کا مقام صرف ان کے نسب یا خاندانی نسبت سے نہیں، بلکہ ان کے کردار، اخلاص اور قربانیوں سے روشن ہوتا ہے۔ حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا بھی انہی عظیم المرتبت خواتین میں سے ہیں، جنہوں نے خانۂ علوی میں قدم رکھا تو اپنی محبت، وفاداری اور بے مثال تربیت سے تاریخ میں ایک روشن باب رقم کر دیا۔
آپ کی زندگی محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام، اطاعت، صبر اور وفا کا حَسین مرقع ہے۔ کربلا کے میدان میں آپ کے فرزندوں کی عظیم قربانی نے آپ کے صبر و استقامت کو ہمیشہ کے لیے تاریخِ عاشورا کا حصہ بنا دیا۔
زیرِ نظر تحریر میں ہم حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کی حیاتِ مبارکہ، فضائل، کردار، خانوادۂ علوی سے وابستگی اور کربلا سے جڑے ان کے لازوال جذبۂ وفا کا مختصر مگر جامع مطالعہ پیش کریں گے؛ تاکہ اس عظیم خاتون کی سیرت سے محبت، وفاداری اور ایثار کا درس حاصل کیا جا سکے۔
تعارف:
ایک ایسی ماں جس کی محبت کا مرکز امام حسین علیہ السلام تھے۔
حضرت فاطمہ بنت حِزام، جو تاریخ میں حضرت اُمّ البنین سلام اللّٰه علیہا کے نام سے مشہور ہیں، امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی زوجۂ محترمہ اور حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی والدۂ گرامی ہیں۔ آپ کا شمار ان عظیم اور باوقار خواتین میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کو محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام، وفاداری، ایثار اور قربانی کے لیے وقف کر دیا۔
آپ ایک شریف، اصیل اور شجاع خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ آپ عربی زبان و ادب میں فصاحت و بلاغت رکھتی تھیں اور شاعرہ بھی تھیں۔ آپ کی زندگی کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ نے اپنے چاروں فرزندوں کو امام حسین علیہ السلام کی نصرت و حمایت کے لیے پیش کیا، لیکن آپ کی محبت اور فکر اپنے بیٹوں سے بڑھ کر امام حسین علیہ السلام کی سلامتی کے لیے تھی۔
نسب و خاندان:
شجاعت کے ایک معزز گھرانے کی بیٹی
حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کا اصل نام فاطمہ تھا۔ آپؑ کے والد کا نام حِزام بن خالد بن ربیعہ تھا۔ آپ کا تعلق قبیلۂ بنی کلاب سے تھا، جو قبیلۂ بنی عامر بن صعصعہ کی ایک شاخ شمار ہوتا تھا۔ یہ خاندان عرب کے معزز، صاحبِ شجاعت اور بلند نسب خاندانوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
آپ کی والدہ کا نام ثمامہ تھا، جنہیں بعض منابع میں لیلیٰ بنت سہیل بن عامر بن مالک بھی کہا گیا ہے۔ آپ کی والدہ کا تعلق بھی قبیلۂ بنی کلاب سے تھا۔
آپ کے خاندان میں شجاعت اور بہادری کو خاص شہرت حاصل تھی۔ آپ کے جدِ اعلیٰ ابوبراء عامر بن مالک کو عرب کے بہادر افراد میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کی غیر معمولی شجاعت کی وجہ سے انہیں مُلاعِبُ الأَسِنَّة (نیزوں سے کھیلنے والا) کا لقب دیا گیا تھا۔
آپ کے چچا لبید بن ربیعہ عرب کے مشہور شعراء میں شمار ہوتے تھے۔
آپ کی تاریخِ ولادت قطعی طور پر معلوم نہیں، البتہ بعض مؤرخین نے آپ کی ولادت تقریباً پانچ ہجری بیان کی ہے۔
واقعۂ کربلا میں آپ خود موجود نہ تھیں، مگر آپ کے چاروں فرزند امام حسین علیہ السلام کے رکاب میں شہید ہوئے۔ جب آپ کو ان کی شہادت کی خبر پہنچی تو سب سے پہلے امام حسین علیہ السلام کے بارے میں دریافت کیا۔ منقول ہے کہ آپ نے فرمایا:
اگر حسین علیہ السلام زندہ ہیں تو میرے بیٹوں کی شہادت کا غم میرے لیے آسان ہے۔
یہی وہ مقام ہے جو حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کی محبت، معرفت اور اخلاص کو تاریخ میں ایک منفرد پہچان عطا کرتا ہے۔
حوالہ جات:
• مسعودی، مروج الذہب، ج 3، ص 58
• ابن عبد ربہ، العقد الفرید، ج 5، ص 134
• ابن قتیبہ، المعارف، ص 88
• یعقوبی، تاریخ یعقوبی، ج 2، ص 213
• ابن حزم، جمہرۃ انساب العرب، ص 37، 282
• ابوالفرج اصفہانی، مقاتل الطالبیین، ص 87
• ابن حجر عسقلانی، الاصابۃ، ج 2، ص 145، 396
• سید محسن امین، اعیان الشیعہ، ج 8، ص 389
شخصیت و فضائل:
فصاحت، شرافت اور بلند کردار کی مالک خاتون
حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا نہ صرف ایک شریف اور بہادر خاندان سے تعلق رکھتی تھیں بلکہ خود بھی علم و ادب، فصاحت و بلاغت اور اعلیٰ اخلاقی صفات سے آراستہ تھیں۔
تاریخی منابع میں آپ کو ایک فصیح اللسان اور صاحبِ ذوق شاعرہ کے طور پر یاد کیا گیا ہے۔ آپ کی شخصیت میں خاندانی شرافت، حیا، وفاداری اور اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت نمایاں تھی۔
آپ کی ازدواجی زندگی سے پہلے کے حالات کے بارے میں زیادہ معلومات تاریخی کتابوں میں محفوظ نہیں ہیں۔ البتہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا کی شہادت کے بعد آپ کا عقد امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے ہوا۔
بعض تاریخی قرائن کے مطابق آپ کا عقد تقریباً 25 ہجری میں ہوا ہوگا، کیونکہ آپ کے پہلے فرزند حضرت عباس علیہ السلام کی ولادت 26 ہجری میں بیان کی گئی ہے۔
حوالہ جات:
• عمر رضا کحالہ، اعلام النساء، ج 4، ص 40
• سید محسن امین، اعیان الشیعہ، ج 8، ص 389
• مامقانی، تنقیح المقال، ج 2، ص 128
• ابن شہرآشوب، المناقب، ج 3، ص 137
• ابن اثیر، اسد الغابہ، ج 6، ص 22۔
ازدواجِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور ایک عظیم خاندان میں شمولیت
امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے اپنے بھائی عقیل بن ابی طالب سے، جو عرب کے خاندانوں اور انساب کے ماہر تھے، فرمایا کہ میرے لیے کسی ایسے خاندان کی خاتون کا انتخاب کرو جو شرافت، بہادری اور شجاعت میں معروف ہو، تاکہ اس سے ایسے فرزند پیدا ہوں جو شجاعت اور مردانگی میں ممتاز ہوں۔
عقیل نے حضرت علی علیہ السلام کو حضرت فاطمہ بنت حزام کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عرض کیا کہ ان کا خاندان عرب کے بہادر اور نامور خاندانوں میں شمار ہوتا ہے اور ان کے آباؤ اجداد کی شجاعت مشہور ہے۔
چنانچہ حضرت علی علیہ السلام نے حضرت فاطمہ بنت حزام سے نکاح فرمایا۔
بعض متأخر تاریخی منابع میں یہ بھی نقل ہوا ہے کہ حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا نے اس رشتے کو قبول کرتے ہوئے اہلِ بیت علیہم السلام کے بچوں کے ساتھ محبت اور شفقت سے پیش آنے کا عہد کیا تھا۔
آپ جب امیرالمؤمنین علیہ السلام کے گھر تشریف لائیں تو امام حسن، امام حسین، حضرت زینب اور حضرت ام کلثوم علیہم السلام کے ساتھ نہایت محبت اور احترام سے پیش آتی تھیں۔ آپ نے ان بچوں کو کبھی اپنے اور پرائے کی نگاہ سے نہیں دیکھا، بلکہ ان کی خدمت اور تربیت کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔
بعض متأخر منابع میں یہ واقعہ بھی نقل ہوا ہے کہ آپ نے حضرت علی علیہ السلام سے درخواست کی کہ انہیں فاطمہ کے بجائے کسی دوسرے نام سے پکارا جائے، تاکہ امام حسن و حسین علیہما السلام اپنی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا کا نام سن کر غمگین نہ ہوں۔
یہ واقعہ آپ کی محبت، حساس طبیعت اور اولادِ زہرا سلام اللّٰه علیہا کے ساتھ قلبی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔
حوالہ جات:
• ابن عنبہ، عمدۃ الطالب، ص 356-357
• مامقانی، تنقیح المقال، ج 2، ص 128
• امّ علی، اشعار النساء، ص 131
• سید مہدی سیّوج، امّ البنین سیدۃ نساء العرب، ص 50
• جواد شبّر، ادب الطف، ص 73-74
• محمد علی یوسف اشیقر، العباس رجل العقیدۃ والجہاد، ص 34
• علی ربانی خلخالی، ستارۂ درخشاں، ص 94
اولاد:
چار بہادر فرزندوں کی عظیم ماں
حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کو امّ البنین یعنی "بیٹوں کی ماں" کا لقب ان کے چار صاحبزادوں کی وجہ سے ملا۔
آپ کے چار فرزند یہ تھے:
1. حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام:
علمدارِ کربلا، وفاداری اور شجاعت کا عظیم پیکر
2. حضرت عبداللّٰه بن علی علیہ السلام:
میدانِ کربلا کے شہید
3. حضرت جعفر بن علی علیہ السلام:
امام حسین علیہ السلام کے باوفا ساتھی اور شہید
4. حضرت عثمان بن علی علیہ السلام:
کربلا کے شہداء میں سے ایک
بعض تاریخی منابع میں ابوبکر نامی ایک فرزند کا ذکر بھی ملتا ہے، جبکہ بعض کتابوں میں فرزندوں کی تعداد اور ناموں کے سلسلے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔
آپ کے فرزندوں میں حضرت عباس علیہ السلام سب سے بڑے تھے۔ تاریخی روایات کے مطابق آپ نے اپنی پوری زندگی اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت اور وفاداری میں گزاری۔
تاریخی کتابوں میں حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کی زندگی کے بعد کے حالات، مدینہ سے کوفہ ہجرت اور حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے بعد ازدواج کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ بعض منابع سے یہ تاثر ملتا ہے کہ آپ نے دوبارہ نکاح نہیں کیا۔
حوالہ جات:
• ابن سعد، الطبقات، ج 3، ص 14
• بلاذری، انساب الاشراف، ج 3، ص 390
• ابن جوزی، المنتظم، ج 5، ص 69
• ابن قتیبہ، الامامۃ والسیاسۃ، ج 2، ص 12
• مسعودی، مروج الذہب، ج 3، ص 58
• شیخ مفید، الاختصاص، ص 82
• ربانی خلخالی، ستارۂ درخشاں، ص 48
کربلا کی قربانی:
چار بیٹوں کی شہادت، ایک ماں کا امتحان
واقعۂ کربلا تاریخِ اسلام کا وہ عظیم سانحہ ہے جس میں اہلِ بیت علیہم السلام نے حق و حقیقت کی سربلندی کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔
حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا خود کربلا میں موجود نہیں تھیں، لیکن آپ کے چاروں فرزند امام حسین علیہ السلام کے ساتھ میدانِ کربلا میں حاضر ہوئے اور آپ کی نصرت میں اپنی جانیں قربان کر دیں۔
تاریخی منابع میں ان شہداء کے نام اور بعض کے سنِ شہادت کے وقت عمر کا ذکر ملتا ہے:
• حضرت عبداللّٰه بن علی علیہ السلام:
بعض منابع کے مطابق 25 سال۔
• حضرت جعفر بن علی علیہ السلام:
بعض منابع کے مطابق 29 سال۔
• حضرت عثمان بن علی علیہ السلام:
بعض منابع کے مطابق 21 سال۔
• حضرت عباس بن علی علیہ السلام:
اپنے بھائیوں میں سب سے بڑے اور ان سب کے بعد شہید ہوئے۔
یہ چاروں بھائی امام حسین علیہ السلام کے وفادار ساتھی تھے اور انہوں نے اپنے کردار سے وفا، ایثار اور اطاعت کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
امان نامہ اور فرزندانِ جنابِ امّ البنین (س) کا جواب
واقعۂ کربلا میں شبِ عاشور کے موقع پر شمر بن ذی الجوشن اور عبداللّٰه بن ابی المحل کے ذریعے حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کے فرزندوں کے لیے امان نامہ لایا گیا۔
لیکن حضرت عباس علیہ السلام اور ان کے بھائیوں نے اس امان نامے کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ ان کے نزدیک امام حسین علیہ السلام کو تنہا چھوڑ کر اپنی جان بچانا ممکن ہی نہیں تھا۔
ان کا موقف یہ تھا کہ ہم امام حسین علیہ السلام کو چھوڑ کر کسی امان کو قبول نہیں کر سکتے۔
یہ واقعہ ان کی وفاداری اور امام وقت کی اطاعت کا روشن ثبوت ہے۔
حوالہ جات:
• ابن سعد، الطبقات، ج 3، ص 14
• بلاذری، انساب الاشراف، ج 2، ص 413
• ابن شہرآشوب، المناقب، ج 3، ص 259
• ابوالفرج اصفہانی، مقاتل الطالبیین، ص 87، 89
• طوسی، رجال الطوسی، ص 99، 102
• طبرسی، اعلام الوریٰ، ج 1، ص 395
• طبری، تاریخ الطبری، ج 5، ص 415
• ابن اعثم، الفتوح، ج 5، ص 94
• شیخ مفید، الارشاد، ج 2، ص 89
سوگواریِ جنابِ امّ البنین (س):
جب ماں نے بیٹوں سے پہلے حسین علیہ السلام کا حال پوچھا۔
حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کی شخصیت کا سب سے دل نشین اور ایمان افروز پہلو آپ کی محبتِ امام حسین علیہ السلام ہے۔
کربلا کے بعد جب آپ کو شہادتِ فرزندان کی خبر پہنچائی گئی تو آپ نے اپنے بیٹوں کے بارے میں سننے سے پہلے امام حسین علیہ السلام کے بارے میں دریافت کیا۔
جب لوگ کربلا سے خبرِ شہادت لے کر مدینہ آئے تو امّ البنین (س) سب سے پہلے یہی فرماتی تھیں:
مجھے میرے حسین (ع) کی خبر بتاؤ، میری سب اولاد اُن پر قربان!
تاریخی منابع میں نقل ہوا ہے کہ آپ نے فرمایا:
«أَخْبِرُونِي عَنْ أَبِي عَبْدِ اللّٰهِ الْحُسَيْنِ»
مجھے اباعبداللّٰه الحسین علیہ السلام کے بارے میں بتاؤ۔
جب آپ کو معلوم ہوا کہ امام حسین علیہ السلام بھی شہید ہو چکے ہیں تو آپ نے اپنے بیٹوں کی شہادت کے غم سے بڑھ کر امام حسین علیہ السلام کی مصیبت پر افسوس کیا۔
ایک منقول جملے کے مطابق آپ نے فرمایا:
اگر حسین علیہ السلام زندہ ہیں تو میرے بیٹوں کی شہادت کی مجھے کوئی پروا نہیں۔
میرے بیٹے قربان، مجھے میرے حسین علیہ السلام کی خبر دو، جنابِ اُمّ البنین (س) کا دردِ وفا...
مؤرخین لکھتے ہیں کہ جب اُنہیں بتایا گیا:
آپ کے بیٹے عباس (ع) بھی شہید ہو گئے۔
تو بی بی نے فوراً فرمایا:
میں نے عباس (ع) اسی دن کے لیے پالا تھا...
مگر مجھے حسین علیہ السلام کا حال بتاؤ!
یہ سن کر قاصد رو پڑا اور کہا:
بی بی! حسین ابن علی (علیہ السلام) بھی شہید کر دیے گئے۔
امّ البنین (س) نے سینہ پر ہاتھ مار کر کہا:
واحُسیناہ...!
اور بی بی گر پڑیں۔
جس ماں کا نوحہ سن کر امام سجاد زین العابدین علیہ السلام بھی رک جایا کرتے تھے۔
امام زین العابدین علیہ السلام جب مدینہ کی گلیوں میں اُمّ البنین (س) کے نوحے اور ان کا گریہ سنتے تھے تو رک جاتے اور فرماتے:
«یا اُمّ البنین! إنَّ بُکاءَکِ عَلَی أبی عَبْدِاللّه یُحْیِی القُلُوب»
اے اُمّ البنین! تمہارا حسین علیہ السلام پر گریہ دلوں کو زندہ کر دیتا ہے۔
بقیع میں مجالسِ عزا اور درد بھرے اشعار:
منقول ہے کہ حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا مدینہ میں اپنے گھر پر مجالسِ عزا منعقد کرتی تھیں، جن میں بنی ہاشم کی خواتین شریک ہوتی تھیں۔
آپ ہر روز اپنے پوتے عبداللّٰه بن عباس کے ہمراہ جنت البقیع تشریف لے جاتیں اور وہاں اپنے شہید فرزند حضرت عباس علیہ السلام کے مرثیے پڑھتیں۔
آپ کے اشعار میں اپنے فرزندوں کی جدائی کا درد، بالخصوص حضرت عباس علیہ السلام کی شجاعت اور شہادت کا تذکرہ نمایاں تھا۔
آپ اپنے اشعار میں لوگوں سے کہتی تھیں کہ اب مجھے امّ البنین نہ کہو، کیونکہ میرے چاروں بیٹے دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔
آپ حضرت عباس علیہ السلام کی شجاعت کا ذکر کرتے ہوئے ان کی بہادری اور بے مثال قوت کو یاد کرتیں اور میدانِ کربلا کے واقعات پر گریہ فرماتیں۔
آپ کے مرثیوں کی تاثیر اس قدر تھی کہ لوگ آپ کے گرد جمع ہو جاتے اور آپ کے ساتھ گریہ کرتے تھے۔ بعض روایات میں حتیٰ کہ مروان بن حکم کے بھی آپ کے مرثیے سن کر رونے کا ذکر ملتا ہے۔
حوالہ جات:
• نعمان بن محمد تمیمی مغربی، شرح الاخبار، ج 3، ص 186
• مامقانی، تنقیح المقال، ج 3، ص 70
• امّ علی، اشعار النساء، ص 133
• جواد شبّر، ادب الطف، ص 74
• محمد بن طاہر سماوی، ابصار العین، ص 64
• محمد امین پورامینی، مع رکب الحسین، ج 6، ص 410
• ابوالفرج اصفہانی، مقاتل الطالبیین، ص 90
• علامہ مجلسی، بحار الانوار، ج 45، ص 40
• اللہوف فی قتلی الطفوف، سید ابن طاؤس، ص 114
• مقتل الخوارزمی، جلد 2، ص 39
• المنتخب، طریحی، ص 287
• بحار الأنوار، علامہ مجلسی، جلد 45، ص 109
• المنتخب فخرالدین طریحی، ص 282
وفات و مدفن:
حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کی تاریخِ وفات کے بارے میں مؤرخین کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔
بعض منابع میں آپ کی وفات 13 جمادی الثانی سنہ 64 ہجری اور بعض میں سنہ 70 ہجری بیان کی گئی ہے۔
آپ کے مدفن کے بارے میں بھی تاریخی اختلاف موجود ہے۔ بعض مؤرخین نے آپ کی قبر جنت البقیع میں صفیہ اور عاتکہ، رسول اکرم صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی پھوپھیوں، کے قریب بیان کی ہے۔
تاہم بعض محققین نے اس تعیین کو قبول نہیں کیا، کیونکہ قدیم معتبر تاریخی مصادر میں اس مقام کی واضح شہادت موجود نہیں۔ اس لیے زیادہ محتاط بات یہی ہے کہ آپ کی تدفین جنت البقیع میں ہوئی، لیکن آپ کی قبر کا صحیح مقام متعین نہیں ہے۔
حوالہ جات:
• سید مہدی السویج الخطیب، امّ البنین، ص 41
• رسول جعفریان، آثار اسلامی، ص 349
• محمد صادق نجمی، تاریخ حرم، ص 275
نسلِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کا تسلسل:
حضرت امّ البنین (س) کی اولاد سے علمی و ادبی شخصیات
تاریخی اور علم الانساب کے منابع کے مطابق امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی نسل حضرت امّ البنین سلام اللّٰه علیہا کے فرزند حضرت عباس علیہ السلام کے ذریعے آگے بڑھی۔
حضرت عباس علیہ السلام کی نسل ان کے فرزند عبداللّٰه بن عباس کے ذریعے جاری ہوئی۔
ان کی اولاد میں کئی نامور شخصیات پیدا ہوئیں، جنہوں نے علم، ادب، شعر، حدیث اور سماجی و سیاسی میدانوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
ان میں چند اہم شخصیات درج ذیل ہیں:
1. عبداللّٰه بن حسن بن عبداللّٰه بن عباس:
سنہ 204 ہجری میں حرمین کے منصبِ امارت پر فائز ہوئے اور اسی سال امیرالحاج بھی رہے۔
2. فضل بن حسن بن عبداللّٰه:
ابن ہاشمیہ کے نام سے مشہور تھے اور خلفاء کے نزدیک عزت و احترام رکھتے تھے۔
3. محمد بن علی بن حمزہ:
شاعر اور امام حسن عسکری علیہ السلام کی احادیث کے راوی تھے۔ امام حسن عسکری علیہ السلام کی والدہ ماجدہ نے آپ کی شہادت کے بعد ان کے گھر قیام فرمایا تھا۔
4. عباس بن حسن بن عبداللّٰه:
علوی خاندان میں شاعری کے اعتبار سے ممتاز شخصیت شمار ہوتے تھے اور ان کی تدفین بقیع میں ہوئی۔
حضرت عباس علیہ السلام کی نسل اور مختلف ممالک میں ان کی یادگاریں:
حضرت عباس علیہ السلام کی اولاد اور ان کے خاندان کے افراد مختلف علاقوں میں آباد ہوئے۔ ان کی نسل کے افراد عراق، سعودی عرب، مصر، اردن، ترکمانستان اور دیگر علاقوں میں پھیلے۔
ایران میں بھی حضرت عباس علیہ السلام کی نسل سے منسوب بعض مزارات اور مقامات موجود ہیں۔ قم میں شاہ سید علی کے مزار کو بھی بعض نسب ناموں میں حضرت عباس علیہ السلام کی اولاد سے منسوب کیا گیا ہے۔
اسی طرح ابویعلیٰ حمزہ بن قاسم بن علی بن حمزہ بن حسن بن عبداللّٰه بن عباس ایک معروف شیعہ محدث تھے۔ ان کی کتابوں میں التوحید، الزیارۃ اور المناسک کا ذکر ملتا ہے۔ ان کا مزار عراق کے شہر حلہ میں معروف ہے۔
حوالہ جات:
• بلاذری، انساب الاشراف، ج 2، ص 412
• طبری، تاریخ الطبری، ج 5، ص 153
• فخر رازی، الشجرۃ المبارکۃ، ص 184
• نویری، نہایۃ الارب، ج 22، ص 211
• ابن عنبہ، عمدۃ الطالب، ص 357-359
• نجاشی، رجال النجاشی، ص 140، 347
• مجلسی، بحار الانوار، ج 48، ص 31، ج 53، ص 286
• قمی، الکنیٰ والالقاب، ج 1، ص 186
سلام ہو اس عظیم ماں پر جس نے اپنے چاروں لختِ جگر راہِ حسین علیہ السلام میں قربان کر دیے، مگر محبتِ حسین علیہ السلام کے چراغ کو کبھی بجھنے نہ دیا۔










آپ کا تبصرہ