حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اعظم گڑھ/ ہندوستان کے قصبہ مبارکپور، ضلع اعظم گڑھ میں بروز شنبہ امام بارگاہ دربارِ حسینی، شاہ محمد پور میں مومنین مبارکپور کی جانب سے، مولانا جواد حیدر کربلائی مبارکپوری کے زیرِ اہتمام، مرجعِ عالی قدر، مبلغِ ولایتِ اہلِ بیتؑ اور ایامِ عزائے فاطمیہ کے مروج آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ (فرزندِ خطیبِ اہلِ بیتؑ علامہ شیخ اسماعیل خراسانیؒ) کے ایصالِ ثواب اور بلندیِ درجات کے لیے مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی۔
مجلس کا آغاز جناب الحاج سکندر علی کربلائی اور ان کے ہمنواؤں کی مرثیہ خوانی سے ہوا، جس کے بعد مولانا غمخوار حسین مشہدی نے اپنے مخصوص انداز میں خطاب کیا۔

مولانا غمخوار حسین مشہدی نے اپنے خطاب میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی حیاتِ علمی، دینی خدمات، سیرت اور کردار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ نے اپنے علم و عمل اور سیرت و کردار کو اس قدر روشن اور نمایاں بنایا تھا کہ ان کی زندگی کو دیکھ کر سیرتِ اہلِ بیتِ اطہارؑ کی یاد تازہ ہو جاتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کا نام اس وقت تک زندہ و تابندہ رہے گا، جب تک مجالسِ عزائے فاطمیہ برپا ہوتی رہیں گی۔ یہ مجالس ان کے لیے بلندیِ درجات کا وسیلہ بھی ہیں۔ ان کی علمی خدمات اپنی جگہ بے مثال ہیں، لیکن ان کا ایک عظیم دینی کارنامہ ایامِ عزائے فاطمیہ کا احیا اور فروغ ہے۔
مولانا نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے ایک اہم ارشاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اکثر مجالس میں فرمایا کرتے تھے: ’’اگر تم چاہتے ہو کہ قبر میں امیرالمؤمنین حضرت علیؑ تمہارے پاس آئیں اور تمہارے حق میں کلام کریں تو تم بھی حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے حق میں کلام کرو۔‘‘
خطاب کے آخری حصے میں مولانا غمخوار حسین مشہدی نے ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے دردناک اور رقت انگیز مصائب بیان کیے، جس سے مجلس میں موجود عزاداروں کی آوازِ گریہ بلند ہوگئی۔ بعد ازاں انہوں نے مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرائی اور دعائیہ کلمات کے ساتھ مجلس کا اختتام کیا۔
مجلسِ ترحیم میں مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس موقع پر تمام عالمِ تشیع، مراجعِ عظام اور بالخصوص حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔











آپ کا تبصرہ