منگل 24 نومبر 2026 - 13:28
بانیٔ انقلاب کی توہین کے خلاف آیت اللہ العظمیٰ وحید (رہ) کا دوٹوک موقف ان کی جرأٔت اور حساسیت کا مظہر تھا

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجتہدین کی تربیت، علمی تسلط، امام خمینی (رہ) کے دفاع میں شجاعت اور انقلابی میدانوں میں فعال موجودگی کو اس عظیم مرجع تقلید کی نمایاں خصوصیات قرار دیا۔ انہوں نے علماء دینی کے مقام و منزلت اور حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ناصر رفیعی نے پیر کی شام شہر اراک کی مسجد "سیدہای اراک" میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس مرجع تقلید کی پہلی نمایاں خصوصیت ان کا علمی مقام اور مجتہدین کی تربیت کرنے کی صلاحیت کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا: نظام اسلامی اور حوزاتِ علمیہ کی ممتاز علمی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں علماء اور اہلِ علم نے اس مرجع تقلید کے علمی درس سے استفادہ کیا اور ان کے دروس کی تقریرات مرتب کی ہیں۔

حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کے استاد نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کے علمی تسلط اور قوتِ بیان کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا: ان کے دروس اور خطابات گہرے علمی مضامین اور منظم استدلال پر مشتمل ہوتے تھے۔ ممتاز شاگردوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ منبر اور دینی معارف کی تبیین کے میدان میں بھی انہیں خصوصی مقام حاصل تھا۔

حجت الاسلام والمسلمین رفیعی نے انقلاب اسلامی کے مختلف مراحل میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی موجودگی اور امام خمینی (رہ) کے دفاع کو ان کی دیگر نمایاں خصوصیات میں شمار کرتے ہوئے کہا: بانی انقلاب اسلامی کی توہین کے خلاف ان کا دوٹوک موقف، خصوصاً دسمبر 1977ء میں روزنامہ اطلاعات میں امام خمینی (رہ) کے خلاف توہین آمیز مضمون کی اشاعت کے بعد ان کا خطاب، مرجعیت اور دینی قیادت کے مقام و منزلت کے حوالے سے ان کی جرأٔت اور حساسیت کا مظہر تھا۔

حجت الاسلام والمسلمین رفیعی نے اسلامی تعلیمات میں علماء کی بلند منزلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: روایات میں علم اور اہلِ علم کو خصوصی مقام حاصل ہے اور خداوند متعال نے ایمان اور علم رکھنے والوں کے درجات بلند فرمائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ائمہ معصومین علیہم السلام کا علماء دین کا احترام کرنا، علم اور معلم کے مقام و مرتبے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح امام سجاد علیہ السلام نے ایک ایسے شخص کے واقعے میں، جسے قصاص کی سزا سنائی گئی تھی، تعلیم و تربیت کے حق کو انسانوں کے اہم حقوق میں شمار کیا اور اس کی جان بچانے کے لیے دیت کی ادائیگی کی ذمہ داری قبول فرمائی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha