منگل 24 نومبر 2026 - 13:27
ملک میں اتحاد، وحدت اور رواداری کو فروغ دیا جائے

قائد ملت جعفریہ پاکستان:

ملک میں اتحاد، وحدت اور رواداری کو فروغ دیا جائے

شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دستور پاکستان ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے

حوزہ/ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی 32ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں اتحاد و وحدت، امن و آشتی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کے شرکاء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا پیغام آج بھی قومی وحدت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے مشعل راہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: ملک میں اتحاد و وحدت کی ترویج، امن و آشتی کے قیام، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے 25 نومبر 1994ء کو لاہور کے مینار پاکستان میں عظیم الشان اور تاریخی ’’عظمت اسلام کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی تھی۔ اس کانفرنس کے مثبت اثرات بعد ازاں ملی یکجہتی کونسل، متحدہ مجلس عمل اور دیگر وحدت فورمز کی صورت میں ملک بھر میں نچلی سطح تک دیکھنے میں آئے۔

انہوں نے کہا: دستور اور آئین پاکستان اپنے ہر شہری کو اس بات کی ضمانت فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے نظریات کے اظہار اور ان کے پرچار کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دے لیکن بدقسمتی سے عملی طور پر ایسا ممکن نہ ہوسکا اور مختلف انداز میں ان آزادیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جس کے نتیجے میں ملک کو متعدد سانحات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی شہادتیں بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: کانفرنس کے اختتام پر واپسی کے دوران شاہ اللہ دتہ اسلام آباد اور بعض دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو محض اس لیے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ ملک میں تہذیب و شائستگی، امن و اخوت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔

علامہ ساجد نقوی نے شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: ان شہداء کا مشن قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا فروغ تھا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لیے بارگاہ الٰہی میں مغفرت و رحمت کی دعا بھی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha