بدھ 25 نومبر 2026 - 07:08
جزیرہ خارگ پر امریکی یا صیہونی جارحیت ہوئی تو خلیج فارس ان کا قبرستان بن جائے گا

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین غلام علی صفائی بوشہری نے ملکی سالمیت کے دفاع میں جزیرہ خارگ کی تزویراتی اور تاریخی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: خارگ ہمیشہ ایران کے دفاع کی اگلی صف میں رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ اگر امریکی اور صیہونی جارحین نے اس جزیرے پر معمولی سی بھی جارحیت کی تو انہیں یہاں کے عوام کی مقاومت کا سامنا کرنا پڑے گا اور خلیج فارس ان کا قبرستان بن جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ بوشہر میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین غلام علی صفائی بوشہری نے جزیرہ خارگ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے اس جزیرے کے غیور اور مقاومت پسند عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا اور علماء، ائمہ جمعہ، حکام، فوجی و سکیورٹی اداروں، صنعتِ تیل، سپاہ پاسداران، فوج اور اہل سنت و تشیع کے عوام کی موجودگی اور تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا: جزیرہ خارگ کے عوام نے تاریخ کے مختلف ادوار میں بے مثال کارنامے انجام دیے ہیں اور وہ ایران اسلامی کے لیے باعثِ فخر اور عزت ہیں۔

امام جمعہ بوشہر نے ہفتۂ بسیج اور حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا، مادرِ شہداء، کے یومِ وفات کی مناسبت سے انقلاب اسلامی کے شہداء، بسیج کے شہداء اور شہید رہبر انقلاب (رہ) کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے قرآنی اجتماع کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

جزیرہ خارگ کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: خارگ اپنی پوری تاریخ میں مقاومت، شجاعت، دینداری اور اتحاد کا جزیرہ رہا ہے اور آج بھی ایران اسلامی کی عزت و سربلندی کی علامت ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری نے مزید کہا: خارگ کے بہادر مرد و خواتین نے ہمیشہ دشمن کی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی جدوجہد و مقاومت کے ذریعہ انہیں اس جزیرے سے نکلنے پر مجبور کیا۔

نمائندہ ولی فقیہ بوشہر نے امریکی اور صیہونی جارحین کو خبردار کرتے ہوئے کہا: اگر آج بھی امریکی مجرم اور جارحین اور ان کے حواری ممالک نے خارگ پر معمولی سی بھی جارحیت کی تو انہیں اس جزیرے کے عوام کی مقاومت کا سامنا کرنا پڑے گا اور خلیج فارس ان کا قبرستان بن جائے گا۔

انہوں نے جمہوریہ اسلامی ایران کی دفاعی قوت و طاقت پر زور دیتے ہوئے کہا: آج ایران اپنی دفاعی اور فوجی طاقت کے عروج پر ہے اور عسکری امور کے ماہرین بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ انقلاب اسلامی کے 47 سالہ دور میں ہم کبھی اس سطح کی طاقت اور اقتدار تک نہیں پہنچے تھے۔

نمائندہ ولی فقیہ بوشہر نے ملکی سلامتی کے تحفظ میں جزیرہ خارگ کے عوام اور وہاں تعینات فورسز کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس جزیرے کے عوام، صنعتِ تیل، سپاہ پاسداران، فوج، بسیج اور خارگ میں تعینات تمام فورسز نے اپنے رہبر سے عہد کر رکھا ہے کہ وہ آخری سانس تک ایران کی سرزمین کا دفاع کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha