ہفتہ 22 اگست 2026 - 17:10
امام جمعہ بوشہر: امریکہ پر بھروسہ کرنے والے ممالک کے لیے واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا

حوزہ/ امام جمعہ بوشہر حجت الاسلام والمسلمین غلام علی صفایی بوشہری نے خلیج فارس کے عرب ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعاون اور اس پر بھروسہ خطے کے ممالک کو ایسے راستے پر لے جائے گا جہاں واپسی ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کسی کا وفادار نہیں اور خطے میں اس کی موجودگی اسلامی ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ بوشہر حجت الاسلام والمسلمین غلام علی صفایی بوشہری نے خلیج فارس کے عرب ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعاون اور اس پر بھروسہ خطے کے ممالک کو ایسے راستے پر لے جائے گا جہاں واپسی ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کسی کا وفادار نہیں اور خطے میں اس کی موجودگی اسلامی ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ ایران آج فوجی، اقتصادی، سیاسی، سماجی اور ثقافتی محاذوں پر دشمن کی مختلف سازشوں کا سامنا کر رہا ہے، تاہم صبر، امید، اتحاد اور مزاحمت کے ذریعے ان مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

حجت الاسلام صفایی بوشہری نے امام حسن عسکریؑ کی روایت «علیک بالصبر و انتظار الفرج» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صبر اور مستقبل کی کامیابی پر امید انسان اور معاشرے کو شکست سے محفوظ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم کے اندر امید ختم ہوجائے تو دشمن کے حملے سے پہلے ہی شکست شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل جدید اور مضبوط بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کو فوجی خطرات کے ساتھ ساتھ اقتصادی، سیاسی، شناختی اور ثقافتی جنگ کا بھی سامنا ہے، اس لیے ہر شعبے میں مقابلے کی مکمل تیاری ضروری ہے۔

امام جمعہ بوشہر نے بعض عرب ممالک کی جانب سے ایران کی مذمت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا اسلام اور پیغمبر اکرمؐ کسی اسلامی ملک کے خلاف حملے کے لیے اپنی سرزمین اور فوجی اڈے امریکہ کو دینے کی اجازت دیتے ہیں؟ انہوں نے عرب حکمرانوں سے کہا کہ امریکہ پر اعتماد نہ کریں، کیونکہ اس کی حمایت کسی ملک کی سلامتی اور اقتدار کی ضمانت نہیں دے سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خلیج فارس اسلامی ممالک کا خطہ ہے اور امریکہ و اس کے حامیوں کی یہاں موجودگی قابل قبول نہیں۔ ان کے بقول، ایران دشمن کی فوجی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معاشی پابندیوں، مہنگائی، داخلی اختلافات، سیاسی انتشار اور ثقافتی یلغار کا بھی مقابلہ کررہا ہے۔

حجت الاسلام صفایی بوشہری نے حکام پر زور دیا کہ وہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور دشمن کو عوام کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے سیاسی شخصیات اور مختلف دھڑوں سے بھی قومی مفادات اور ولایت فقیہ کے محور پر اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

امام جمعہ بوشہر نے آخر میں امام حسن عسکریؑ کی شہادت پر تعزیت اور حضرت امام مہدیؑ کی امامت کے آغاز پر مبارک باد پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha