حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ بوشہر کے امام جمعہ اور بوشہر میں نمائندۂ ولی فقیہ حجۃ الاسلام والمسلمین غلام علی صفائی بوشہری نے کہا ہے کہ امام زمانہ حضرت مہدی موعودؑ کی معرفت صرف اس حد تک محدود نہیں ہونی چاہیے کہ آپؑ امامِ حی ہیں، بلکہ لوگوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں آپؑ کی ہدایت، رہنمائی اور رضامندی کی اہمیت کو سمجھنا چاہیے۔
مسجد مقدس جمکران کے متولی سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ انسان کی حقیقی ہدایت، خیر اور سعادت اللہ کی حجت سے تعلق کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مہدویت کی تعلیم کو عام کیا جائے اور لوگوں کو بتایا جائے کہ شادی، خاندان، اولاد کی تربیت اور سماجی معاملات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں امام زمانہؑ کی رضامندی کو پیش نظر رکھنا چاہیے
انہوں نے کہا کہ اگر انسان اپنے فیصلوں اور اعمال میں امام زمانہؑ کی رضامندی کو معیار بنائے تو اس کے طرزِ زندگی اور فیصلوں میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بوشہر میں حضرت امام مہدیؑ کے چاہنے والوں کے مراکز اور مسجد جمکران کی نمائندگی کا نیٹ ورک فعال ہے۔ ان اداروں کو مزید مضبوط کرنے اور ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حوزہ ہائے علمیہ کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ کیا جانا چاہیے
انہوں نے بوشہر کے عوام کے لیے مسجد جمکران میں خصوصی پروگرام، زیارتی و ثقافتی پروگراموں اور مختلف مہدوی سرگرمیوں کے انعقاد پر زور دیا اور کہا کہ اہلِ بوشہر کا اہل بیت علیہم السلام اور مقدس مقامات سے گہرا تعلق ہے، جسے مہدوی میدان میں بھی مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسان اپنے اعمال میں لوگوں کی تعریف کے بجائے امام زمانہؑ کی رضامندی کو مدنظر رکھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ایسا نیک کام کرنا چاہیے جس کا دوسروں کو بھی علم نہ ہو، کیونکہ اصل معیار اللہ اور امام زمانہؑ کی رضامندی ہے۔
انہوں نے مسجد مقدس جمکران کو عبادت اور معنویت کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے عوام، خصوصاً نوجوانوں کے اس مسجد سے روحانی تعلق کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔










آپ کا تبصرہ