حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایامِ فاطمیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں ایران کے عوام، حوزات علمیہ، علماء، دینی شخصیات اور مبلغین کو تعزیت پیش کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قم کے حوزات علمیہ میں سطوح اور خارج کے دروس، نیز تخصصی مراکز میں 13 جمادی الاول سے ہفتے کے اختتام تک تعطیل رہے گی، تاکہ طلاب اور اہلِ علم مختلف علاقوں میں جاکر تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ صوبوں اور ابتدائی سطح کے دروس کی تعطیلات اور تبلیغی پروگراموں کے انتظامات متعلقہ ذمہ داران کے سپرد کیے گئے ہیں۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت قرآن، احادیث اور اسلامی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ آپؑ کی زندگی علم، عبادت، ایثار اور ولایت کے دفاع کی روشن مثال ہے۔ اس لیے علما، خطبا، اساتذہ اور مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایامِ فاطمیہ میں آپؑ کی علمی، عبادی، سماجی اور سیاسی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بیان کریں اور لوگوں کو آپؑ کی سیرت سے روشناس کرائیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ دینی مراکز اور مساجد میں مجالسِ عزاداری اور تبلیغی پروگراموں کو مؤثر بنایا جائے، مبلغین گروہوں کی شکل میں مختلف علاقوں میں جائیں اور عوام کی اجتماعی شرکت کو فروغ دیں۔ ان کے مطابق، موجودہ حالات میں دینی تعلیمات کی توضیح اور معاشرے میں اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔
حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ نے کہا کہ دینی اور انقلابی تربیت اسی وقت مؤثر ہوسکتی ہے جب لوگوں کے مسائل حل کرنے، ان کی پریشانیوں کو کم کرنے اور ان کی عملی مدد پر بھی توجہ دی جائے۔ انہوں نے عوامی خدمت کے لیے مستقل سرگرمیاں شروع کرنے اور بالخصوص نوجوانوں کی ضروریات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں بڑھائیں اور عوام، خصوصاً معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ ان کے مطابق، عوام اور ذمہ داران باہمی تعاون اور مزاحمتی معیشت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو موجودہ حساس حالات سے نکال سکتے ہیں۔
آیت اللہ اعرافی نے اتحاد، اجتماعی ہم آہنگی، صبر، استقامت اور رہبر انقلاب کی پیروی کو ایرانی قوم کی اہم قوتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے تبلیغ، تعلیم اور تربیت کے تمام مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مبلغین پر زور دیا کہ وہ لوگوں میں مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور حالات کو سمجھتے ہوئے درست فیصلے کرنے کا شعور پیدا کریں۔
آیت اللہ اعرافی نے ثقافتی اور سماجی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خاندان، صحت مند معاشرے اور حجاب و عفت جیسی اقدار کو درپیش چیلنجوں کے مقابلے کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کو نمونے کے طور پر پیش کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین، لڑکیوں، علما اور مبلغین کو اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ ذرائع ابلاغ، سماجی رابطوں کے ذرائع، دینی و ثقافتی تقریبات اور تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے اخلاقی اور سماجی مسائل کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے۔ ساتھ ہی متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر آیت اللہ اعرافی نے ملتِ ایران، امتِ اسلام، علما، رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور مسلح افواج کی سلامتی، عزت اور کامیابی کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ ایامِ فاطمیہ میں عزاداری اور دینی خدمات انجام دینے والوں کی کوششیں بارگاہِ الٰہی میں قبول ہوں گی۔










آپ کا تبصرہ