بدھ 25 نومبر 2026 - 14:24
اسلام نے خواتین کو بلند مقام، بنیادی حقوق اور عزت و احترام عطا کیا ہے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبۂ حجۃ الوداع میں خواتین کے ساتھ حسنِ سلوک کی تاکید فرمائی۔ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 25 نومبر، خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال 25 نومبر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے لیکن افسوسناک امر ہے کہ آج بھی دنیا کے مختلف ممالک میں خواتین طرح طرح کے تشدد کا شکار ہیں، یہاں تک کہ دہشت گرد تنظیمیں بھی اپنی ضروریات اور مقاصد کے مطابق خواتین کا استحصال کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا: اسلام نے خواتین کو بلند مقام اور عزت و احترام عطا کیا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبۂ حجۃ الوداع میں خواتین کے ساتھ حسنِ سلوک کی تاکید فرمائی اور ماں، بیٹی اور بہن کی حیثیت سے عورت کو عزت و تکریم سے نوازا۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا: اسلام میں خواتین کو مناسب آزادی اور بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ نہ مذہب خواتین پر تشدد کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی ہماری تہذیب و معاشرت اس کی حمایت کرتی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا: خواتین کی زندگیوں کو پُرسکون اور محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری کوششیں اور دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ خواتین پر تشدد جیسے پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

علامہ ساجد نقوی نے زور دیا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے منظم انداز میں آگاہی و شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ضروری ہے، تاکہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے اور ان کے حقوق کا حقیقی معنوں میں تحفظ ممکن ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha