حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اظفر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام فاطمہ گرلز انٹر کالج، علی گڑھ میں تعلیمی ماہرین اور طلبہ کے درمیان ایک اہم نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف علمی، تعلیمی اور فکری موضوعات پر مقررین نے اظہارِ خیال کیا۔

انگریزی زبان و ادب کے ناقد، سماجی کارکن اور مفکر ڈاکٹر شجاعت حسین نے صدرِ نشست، مہمانانِ ذی وقار، مقررین اور تمام شرکائے تقریب کا خیرمقدم کیا۔
حجت الاسلام مولانا سید شباب حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کو محض سائنسی ترقی کی نہیں بلکہ اخلاق و انصاف پر مبنی تہذیب کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے اظفر فاؤنڈیشن کے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محترم حاجی اصغر مہدی (عرف آرزو) نے اظفر فاؤنڈیشن کے قیام کے ذریعے محض ایک تعلیمی ادارہ قائم نہیں کیا، بلکہ فکر و ایمان، تعلیم و تربیت اور تحریک و ادارہ سازی کی ایسی بنیاد رکھی ہے جو ملت کے منتشر علمی و فکری سرمایے کو ایک منظم شعور میں ڈھالنے کی کوشش میں مصروفِ عمل ہے۔
سید اقبال مرتضیٰ رضوی، ڈائریکٹر (میٹرولوجی)، لکھنؤ نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے نیوٹن کے قانونِ کششِ ثقل اور حرکت کے پہلے، دوسرے اور تیسرے قوانین کی وضاحت کی۔ انہوں نے سائنسی اصولوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے طلبہ کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے مفید مشورے دیے۔

مولانا مرزا عسکری نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے کامیابی اور ترقی کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حالات خواہ کتنے ہی نامساعد کیوں نہ ہوں، غربت اور تنگ دستی کے باوجود ایمان کی سلامتی برقرار رکھنا ایک عظیم کامیابی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو پابندی کے ساتھ تلاوتِ قرآنِ کریم کرنے اور اس کی ہدایات پر عمل پیرا رہنے کی تلقین کی۔
حجت الاسلام مولانا سید کمیل اصغر زیدی (پونے) نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم مسلسل کوشش اور جدوجہد سے حاصل ہوتا ہے۔ فرعونی خواہشات میں غرق افراد اللہ تعالیٰ اور اس کی وحدانیت کو سمجھنے سے محروم رہتے ہیں، جبکہ متقی افراد اپنی خواہشات پر قابو رکھتے ہیں اور انہیں اللہ تعالیٰ کی قربت اور نصرت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی خواہشات پر قابو پانے اور خود پر قدرت حاصل کرنے کی نصیحت کی۔
آغا مجاہد حسین، منیجنگ ڈائریکٹر، اولیو اسپتال، حیدرآباد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یقین نہیں ہوتا وہاں کوشش بھی نہیں ہوتی، لیکن جہاں یقین موجود ہو وہاں جدوجہد کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے طلبہ کو باطنی طور پر خیر اور نیکی پیدا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ خداوندِ متعال اس کے نتیجے میں کامیابی، عزت اور وقار عطا فرمائے گا۔ انہوں نے نشست میں تاریخی معلومات اور دلچسپ واقعات بھی پیش کیے، جن سے محفل کی علمی فضا مزید پُرکشش ہوگئی۔
آغا مجاہد حسین نے تاریخی حوالوں سے معروف سائنس دان آئزک نیوٹن کی زندگی کے ایک اہم پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نیوٹن نے اپنی زندگی میں طبیعیات اور ریاضی کے مقابلے میں دینیات اور مذہبی موضوعات پر کہیں زیادہ تحریری کام کیا۔ بائبل، مذہبی تاریخ اور الہیات کے موضوعات پر ان کی تحریریں ان کے سائنسی کام سے بھی زیادہ تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیوٹن توحید کے قائل تھے اور تثلیث کے عقیدے کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔ چونکہ اس دور میں ایسے خیالات کو خطرناک اور مروجہ مذہبی تصورات کے خلاف سمجھا جاتا تھا، اس لیے انہوں نے اپنے بیشتر مذہبی افکار کو خفیہ رکھا اور اپنی زندگی میں شائع نہیں کیا، ورنہ انہیں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
اظفر فاؤنڈیشن کے بانی حاجی اصغر مہدی نے شرکائے نشست سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فاؤنڈیشن کے متعدد طلبہ میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب کے تعاون اور دعاؤں سے اب ایک ایسا تعلیمی سلسلہ قائم ہو چکا ہے کہ ہر سال ان مسابقتی امتحانات میں طلبہ و طالبات کامیابی حاصل کرتے رہیں گے۔










آپ کا تبصرہ