اتوار 29 نومبر 2026 - 15:20
پراکسی کا معیار کیا ہے؟ مزاحمت کی جنگ اور عرب حکمرانوں کی دوہری منطق

حوزہ/عالمی سیاست میں بعض اصطلاحات محض سیاسی تجزیے کے لیے نہیں بلکہ حقائق کو دھندلانے کے لیے بھی استعمال ہوتی ہیں۔ ان میں ایک لفظ ’’پراکسی‘‘ ہے، جسے آج کل اسرائیل کے خلاف مزاحمت کرنے والی قوتوں کے لیے اس انداز میں استعمال کیا جاتا ہے کہ ان کی اپنی تاریخ، سیاسی محرکات، قومی حالات اور قربانیوں کو پسِ پشت ڈال دیا جاتا ہے۔

تحریر: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری

حوزہ نیوز ایجنسی|

عالمی سیاست میں بعض اصطلاحات محض سیاسی تجزیے کے لیے نہیں بلکہ حقائق کو دھندلانے کے لیے بھی استعمال ہوتی ہیں۔ ان میں ایک لفظ ’’پراکسی‘‘ ہے، جسے آج کل اسرائیل کے خلاف مزاحمت کرنے والی قوتوں کے لیے اس انداز میں استعمال کیا جاتا ہے کہ ان کی اپنی تاریخ، سیاسی محرکات، قومی حالات اور قربانیوں کو پسِ پشت ڈال دیا جاتا ہے۔

حزب اللہ، حماس اور حوثیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ ایران کے اشاروں پر سرگرم ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اگر کسی تحریک کو کسی دوسرے ملک سے مالی، عسکری یا سیاسی مدد مل جائے تو کیا اس کی اپنی جدوجہد، اپنے اسباب اور اپنے عوامی محرکات سب ختم ہوجاتے ہیں؟

اور اگر یہی معیار عالمی سیاست پر یکساں طور پر نافذ کیا جائے تو پھر ان عرب حکومتوں کے کردار کو کیا نام دیا جائے گا جو امریکہ کو فوجی اڈے فراہم کرتی ہیں، اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کرتی ہیں اور اپنی سرزمین و فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال ہونے دیتی ہیں؟

اصل مسئلہ ایران کی حمایت نہیں، بلکہ ایک ہی عمل کے لیے دو مختلف پیمانے اختیار کرنا ہے۔

حزب اللہ لبنان پر اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے تناظر میں وجود میں آئی۔ اس کی تاریخ لبنان کی سرزمین کے دفاع اور اسرائیلی فوجی موجودگی کے خلاف مزاحمت سے جڑی ہوئی ہے۔ اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان سے انخلا پر مجبور کرنے میں حزب اللہ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ اس کی تنظیمی بنیاد، مقامی سماجی جڑیں اور سیاسی وجود لبنان کے اندر ہیں۔ ایران کی مدد اپنی جگہ ایک حقیقت ہے، لیکن اس حقیقت کو بنیاد بنا کر حزب اللہ کی پوری تاریخ کو کسی بیرونی منصوبے کا محض ایک باب قرار دینا سیاسی تجزیہ نہیں، تاریخ کو ایک مخصوص زاویے سے پڑھنا ہے۔

یمن میں حوثیوں کی تحریک بھی کسی ایک دن ایران کے اشارے پر پیدا نہیں ہوئی۔ اس کی جڑیں یمن کے داخلی سیاسی، مذہبی اور سماجی تنازعات میں پیوست ہیں۔ حکومت کے ساتھ طویل کشمکش، سیاسی محرومیوں اور ریاستی بحران کے نتیجے میں یہ تحریک اقتدار تک پہنچی۔ بعد ازاں سعودی عرب کی قیادت میں فوجی مداخلت، حوثی مخالف قوتوں کی حمایت اور جنگی محاصرے نے یمن کو ایک تباہ کن انسانی بحران سے دوچار کیا۔ لاکھوں افراد بھوک، بیماری اور بنیادی سہولتوں کی کمی سے متاثر ہوئے۔ ایران کی حمایت حوثیوں کے لیے اہم ہوسکتی ہے، لیکن یمن کے داخلی اسباب اور علاقائی جنگ کی حقیقت کو نظرانداز کرکے انہیں محض ایرانی پراکسی کہنا اس پیچیدہ بحران کو ایک نعرے میں محدود کردینا ہے۔

حماس کی جدوجہد بھی فلسطین کی سرزمین، اسرائیلی قبضے اور فلسطینی عوام کے حقِ بقا سے وابستہ ہے۔ ایران کی مالی، عسکری اور سیاسی حمایت سے انکار نہیں، مگر اس حمایت سے فلسطینی مسئلہ ایرانی مسئلہ نہیں بن جاتا۔ حماس کی مزاحمت کے اسباب فلسطین کی تاریخ میں موجود ہیں، نہ کہ صرف تہران کی پالیسیوں میں۔ کسی تحریک کے بیرونی مددگار کو اس کی پوری جدوجہد کا مالک قرار دینا اس قوم کے حقِ خودارادیت اور اپنی سرزمین کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو نظرانداز کرنا ہے۔

یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: اگر ایران کی مدد لینے والی قوتیں پراکسی ہیں تو پھر امریکہ کی مدد لینے والی حکومتوں کے لیے یہی اصطلاح کیوں استعمال نہیں ہوتی؟

عرب دنیا کے بعض حکمرانوں نے امریکہ کے ساتھ ایسے دفاعی معاہدے کیے ہیں جن کے تحت امریکی افواج کو فوجی اڈے، لاجسٹک سہولتیں اور علاقائی عسکری رسائی حاصل ہے۔ بعض ممالک میں نصب ریڈار، فضائی نگرانی کے نظام اور دفاعی تعاون ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی عسکری کارروائیوں میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر کسی ملک کی سرزمین، فضائی حدود، فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام کسی دوسرے ملک کی جنگی حکمتِ عملی کو تقویت دے رہے ہوں تو اس کردار کا بھی اسی اصول کے تحت تجزیہ ہونا چاہیے۔

یہ بھی سوال ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں، ایرانی اثاثوں کی ضبطی اور علاقائی محاصرے میں بعض عرب حکومتوں کا کردار کس نوعیت کا ہے؟ کیا یہ فیصلے مکمل خودمختاری سے کیے گئے، یا ان میں امریکی دباؤ اور علاقائی طاقتوں کے مفادات بھی شامل تھے؟ ان سوالات کا جواب شواہد اور ہر ملک کے الگ کردار کی روشنی میں دیا جانا چاہیے۔

اگر حزب اللہ ایران سے مدد لے تو وہ پراکسی، حماس ایران سے تعاون حاصل کرے تو وہ پراکسی، حوثی ایران کے ساتھ تعلق رکھیں تو وہ پراکسی؛ لیکن اگر کوئی عرب حکومت امریکہ کو اڈے دے، اس کے فوجی نظام سے وابستہ ہو، اس کی علاقائی جنگی حکمتِ عملی میں تعاون کرے تو اسے خودمختار اتحادی کہا جائے—تو یہ اصطلاحات کا غیر جانب دارانہ استعمال نہیں بلکہ سیاسی پسند و ناپسند ہے۔

مزاحمتی تحریکوں اور ایران کی پالیسیوں سے اختلاف کا حق ہر شخص کو حاصل ہے، لیکن اختلاف کو دشمنی اور تنقید کو الزام تراشی میں تبدیل کردینا علمی دیانت کے خلاف ہے۔ کسی تحریک کے بعض سیاسی فیصلوں، عسکری حکمتِ عملی یا طرزِ عمل سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، مگر اس اختلاف کی بنیاد پر اس کی پوری جدوجہد کو بیرونی طاقت کی پراکسی قرار دینا کہاں کا انصاف ہے؟

کسی تحریک کے بعض اقدامات سے اختلاف، اس کی پوری جدوجہد کی نفی نہیں ہوتا۔ ایران کی علاقائی پالیسیوں پر تنقید کی جاسکتی ہے، اس کے مفادات کا تجزیہ کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کی حمایت حاصل کرنے والی ہر قوت کو محض اسی بنیاد پر ایرانی پراکسی کہنا حقیقت سے فرار ہے۔ کسی تحریک کی حیثیت کا تعین اس کے تاریخی پس منظر، مقامی عوام سے تعلق، اپنے مقاصد اور فیصلہ سازی کی خودمختاری سے ہونا چاہیے، نہ کہ صرف اس کے بیرونی روابط سے۔

اختلاف ضرور کیجیے، مگر انصاف کے ساتھ؛ تنقید ضرور کیجیے، مگر ایک ہی معیار پر۔ کیونکہ اختلافِ رائے ایک علمی حق ہے، لیکن کسی قوم کی اپنی جدوجہد اور قربانیوں کو محض ایک سیاسی اصطلاح میں سمیٹ دینا فکری ناانصافی ہے۔

ورنہ عالمی سیاست میں ایک عجیب اصول قائم ہوجائے گا: جو امریکہ کے ساتھ ہو وہ اتحادی، جو اسرائیل کے ساتھ تعاون کرے وہ شراکت دار، اور جو ایران سے مدد لے وہ پراکسی۔

یہ اصول نہیں، دوہرا معیار ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha