اتوار 22 نومبر 2026 - 18:18
عالمی یومِ اطفال اور میناب کے معصوم شہید بچے

حوزہ/ان کے ہاتھوں میں قلم ہونا چاہیے تھا، مگر ان کے جسموں کو خون سے رنگ دیا گیا۔ ان کے ذہنوں میں مستقبل کے خواب پلنے چاہیے تھے، مگر ان کے خوابوں سمیت ان کی زندگی چھین لی گئی۔ وہ اسکول علم حاصل کرنے گئے تھے، لیکن واپس آنے کے لیے نہیں؛ کیونکہ موت نے ان کے تعلیمی ادارے کے دروازے پر دستک نہیں دی، بلکہ بارود کی صورت میں ان پر ٹوٹ پڑی۔

تحریر: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری

حوزہ نیوز ایجنسی| عالمی یومِ اطفال منایا گیا۔ دنیا بھر میں بچوں کے حقوق، ان کی تعلیم، صحت، تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے تقاریر ہوئیں، سیمینار منعقد ہوئے، خوب صورت پیغامات نشر کیے گئے اور بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں سجانے کے عہد کیے گئے۔ لیکن اسی دنیا میں کچھ ایسے بچے بھی ہیں جن کے لیے اب نہ کوئی اسکول ہے، نہ بستہ، نہ کتاب، نہ کھیل کا میدان اور نہ ہی ماں کی گود میں واپس آنے کا امکان۔

وہ بچے میناب کے تھے!

ان کے ہاتھوں میں قلم ہونا چاہیے تھا، مگر ان کے جسموں کو خون سے رنگ دیا گیا۔ ان کے ذہنوں میں مستقبل کے خواب پلنے چاہیے تھے، مگر ان کے خوابوں سمیت ان کی زندگی چھین لی گئی۔ وہ اسکول علم حاصل کرنے گئے تھے، لیکن واپس آنے کے لیے نہیں؛ کیونکہ موت نے ان کے تعلیمی ادارے کے دروازے پر دستک نہیں دی، بلکہ بارود کی صورت میں ان پر ٹوٹ پڑی۔

یہ صرف ایک اسکول پر حملہ نہیں تھا، یہ انسانیت کے مستقبل پر حملہ تھا۔ یہ صرف چند خاندانوں کے چراغ بجھنے کا سانحہ نہیں تھا، بلکہ ان خوابوں کا قتل تھا جن سے ایک قوم کا کل تعمیر ہونا تھا۔

ذرا تصور کیجیے! کسی ماں نے صبح اپنے بچے کو اسکول بھیجتے وقت اس کے ماتھے کو چوما ہوگا، کسی باپ نے اس کے کندھے پر بستہ رکھا ہوگا، کسی بہن نے اپنے بھائی سے شام کو ملنے کا وعدہ کیا ہوگا۔ کسی بچے نے گھر سے نکلتے ہوئے کہا ہوگا کہ آج اسکول میں نیا سبق پڑھنا ہے، کسی نے اپنی کاپی پر پھول بنائے ہوں گے، کسی نے بڑے ہوکر ڈاکٹر، استاد یا سائنس دان بننے کا خواب دیکھا ہوگا۔

لیکن شام ہونے سے پہلے کئی گھروں میں قیامت اتر چکی تھی۔ مائیں دروازوں پر نظریں جمائے بیٹھی تھیں، باپ اپنے بچوں کو تلاش کر رہے تھے، بستے ملبے میں دبے تھے اور کتابوں پر معصوم بچوں کا خون بکھرا ہوا تھا۔

وہ بچے اسکول سے غیر حاضر نہیں ہوئے تھے، انہیں اسکول ہی میں موت کے حوالے کر دیا گیا تھا!

28 فروری 2026 کو ایران کے شہر میناب میں واقع شجرۂ طیبہ پرائمری اسکول پر حملہ ہوا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے خصوصی تحقیق کار کی رپورٹ میں کم از کم 156 افراد کی ہلاکت کا ذکر ہے، جن میں تقریباً 120 اسکولی بچے شامل تھے۔ 110 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس ظلم کے مجرمین کو کیفر کردار تک پہونچانے کا مطالبہ کیا،

یہ اعداد و شمار محض ہلاکتوں کی تعداد نہیں ہیں؛ ان کے پیچھے سینکڑوں ادھورے خواب، اجڑے ہوئے گھر، سسکتی ہوئی مائیں اور زندگی بھر کے لیے ٹوٹ جانے والے خاندان ہیں۔

عالمی یومِ اطفال! کیا یہ دن میناب کے بچوں کا نہیں؟

20 نومبر کو عالمی یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے اس دن کو بچوں کے حقوق کے تحفظ اور 1989 میں منظور ہونے والے کنونشن برائے حقوقِ طفل کی یاد دہانی کے طور پر مقرر کیا ہے۔ اس کنونشن کے تحت ہر بچے کو زندگی، تعلیم، صحت، تحفظ اور تشدد سے محفوظ رہنے کا حق حاصل ہے۔

لیکن آج دنیا سے ہمارا سوال ہے کہ کیا بچوں کے حقوق صرف امن کے زمانے کے لیے ہیں؟ کیا تعلیم کا حق صرف ان بچوں کے لیے ہے جن کے ممالک طاقتور ہیں؟ کیا کسی بچے کی زندگی کی قیمت اس کے ملک، مذہب، زبان یا قومیت سے طے کی جائے گی؟

اگر دنیا واقعی بچوں کے حقوق کی علم بردار ہے تو میناب کے بچوں کے لیے اس کی آواز کہاں ہے؟

اگر اقوام متحدہ واقعی بچوں کے تحفظ کا ادارہ ہے تو ان معصوموں کے خون کا حساب کون لے گا؟

اگر عالمی عدالتیں انصاف کے لیے قائم کی گئی ہیں تو ان بچوں کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کون کھڑا کرے گا؟

دنیا کے بچوں کے لیے خوب صورت نعرے لگانے سے پہلے میناب کے ان بچوں کی قبروں پر بھی حاضری دیجیے۔ ان کی ماؤں کی آنکھوں میں بھی جھانکیے۔ ان کے والدین سے بھی پوچھیے کہ ان کے بچوں کا قصور کیا تھا؟

میناب کے بچوں کا قصور صرف اتنا تھا کہ وہ علم حاصل کرنے کے لیے اسکول گئے تھے!

میناب کے شہید بچوں کا مطالبہ

آج ان معصوم بچوں کی خاموش قبریں پوری دنیا سے چند مطالبے کر رہی ہیں۔ یہ مطالبے کسی سیاسی جماعت، حکومت یا مخصوص قوم کے نہیں، بلکہ انسانیت اور انصاف کے مطالبے ہیں۔

مجرموں کو سزا دی جائے۔ بچوں کے قتل میں ملوث افراد کو محض مذمتی بیانات کے پیچھے چھپنے نہ دیا جائے۔ ذمہ داروں کا تعین ہو، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملے۔

متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کی جائے۔ جن ماؤں کی گود اجڑ گئی، جن باپوں کے بڑھاپے کے سہارے چھن گئے اور جن بہن بھائیوں کے گھر ویران ہوگئے، ان کی مالی، نفسیاتی اور سماجی مدد کی جائے۔ انہیں محض تعزیتی پیغامات کے حوالے نہ چھوڑا جائے۔

اسکولوں کو جنگ سے محفوظ رکھا جائے۔ دنیا کے تمام ممالک اس بات کی ضمانت دیں کہ تعلیمی ادارے، بچے اور اساتذہ جنگی حملوں کا نشانہ نہیں بنیں گے۔ اسکولوں کو میدانِ جنگ بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

میناب کے بچوں کی یاد زندہ رکھی جائے۔ ان کے نام، ان کی تصویریں، ان کے خواب اور ان کی کہانیاں محفوظ کی جائیں تاکہ آنے والی نسلیں جان سکیں کہ علم حاصل کرنے والے بچوں کے ساتھ کیا ہوا تھا۔

یہ کوئی غیر معمولی مطالبات نہیں ہیں۔ یہ وہ بنیادی حقوق ہیں جن کی ضمانت دنیا خود اپنے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں میں دیتی ہے۔

کیا دنیا کا ضمیر اب بھی زندہ ہے؟

آج اگر کسی طاقتور ملک کے ایک بچے کو معمولی تکلیف پہنچ جائے تو دنیا کے ذرائع ابلاغ اس خبر کو نمایاں کرتے ہیں۔ اس کے تحفظ کے لیے آوازیں اٹھتی ہیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں متحرک ہوتی ہیں اور حکمران بیانات جاری کرتے ہیں۔ یہ سب ہونا بھی چاہیے، ہر بچے کی زندگی قیمتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ جب میناب کے درجنوں نہیں، سینکڑوں معصوم بچے موت کے گھاٹ اتار دیے جائیں تو وہی عالمی ضمیر خاموش کیوں ہوجاتا ہے؟

انسانی حقوق کا کوئی مذہب نہیں، بچوں کے آنسوؤں کی کوئی قومیت نہیں اور معصوم جانوں کا کوئی سیاسی تعارف نہیں ہوتا۔ اگر ایک بچے کا قتل پوری انسانیت کے لیے المیہ ہے تو میناب کے بچوں کا قتل بھی پوری انسانیت کا المیہ ہونا چاہیے۔

قرآن مجید کا اعلان ہے:

مَنْ قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا

ترجمہ: جس نے کسی ایک انسان کو ناحق قتل کیا، گویا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا۔ (سورۂ مائدہ: 32)

یہ آیت ہمیں بتاتی ہے کہ ایک بے گناہ انسان کی جان کتنی عظیم حرمت رکھتی ہے۔ پھر ان معصوم بچوں کی جانوں کی حرمت کا اندازہ کون لگا سکتا ہے جنہوں نے ابھی زندگی کو سمجھنا بھی شروع نہیں کیا تھا؟

ہماری ذمہ داری کیا ہے؟

ہمیں میناب کے بچوں کو صرف ایک جذباتی واقعے کے طور پر یاد نہیں رکھنا چاہیے۔ ان کے لیے آواز اٹھانا، ان کے والدین کو انصاف دلانے کی کوشش کرنا، عالمی اداروں کو جواب دہ بنانا اور بچوں کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

ہمیں دنیا کے ہر امن پسند انسان، ہر استاد، ہر ادیب، ہر صحافی، ہر انسانی حقوق کے کارکن اور ہر صاحبِ ضمیر سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ اس سانحے کو فراموش نہ ہونے دیں۔

ہمیں اپنے بچوں کو بھی یہ بتانا ہوگا کہ قلم کی حرمت کیا ہے، علم کی اہمیت کیا ہے اور انسانیت کا مطلب کیا ہے۔ انہیں یہ سمجھانا ہوگا کہ کسی دوسرے ملک، مذہب یا قوم کے بچے بھی اتنے ہی عزیز ہیں جتنے ہمارے اپنے بچے۔

میناب کے شہید بچوں کی یاد میں سب سے بڑا خراجِ عقیدت یہ ہوگا کہ دنیا کا کوئی بچہ دوبارہ کسی جنگ کا شکار نہ بنے۔

ایک ماں کی فریاد، پوری دنیا کے نام!

ذرا ایک لمحے کے لیے خود کو میناب کی اس ماں کی جگہ رکھ کر دیکھیے جس نے اپنے بچے کو صبح اسکول بھیجا تھا۔ وہ ماں آج بھی شاید اپنے بچے کی آواز سننے کے لیے بے قرار ہو، اس کے کمرے میں داخل ہوتی ہو تو اس کا بستہ دیکھ کر آنسو بہاتی ہو، اس کی کتابیں کھولتی ہو تو اس کے ہاتھ کانپتے ہوں۔

اسے کون سمجھائے کہ تمہارا بچہ اب اسکول نہیں جائے گا؟

اسے کون بتائے کہ اس کے خواب اب اس دنیا میں پورے نہیں ہوں گے؟

اسے کون واپس لاکر دے گا وہ مسکراہٹ جس کے سہارے اس نے زندگی گزاری تھی؟

اور اس بچے کے باپ سے کون پوچھے گا کہ تم نے اپنے بیٹے کے لیے جو خواب دیکھے تھے، ان کا اب کیا کرو گے؟

اے دنیا کے حکمرانو! تمہارے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں، میزائل ہیں، جنگی طیارے ہیں، دولت ہے، اقتدار ہے، لیکن کیا تمہارے پاس ان ماؤں کے آنسو پونچھنے کا کوئی جواب بھی ہے؟

تم نے چاند پر پہنچنے کے منصوبے بنائے، مریخ پر زندگی تلاش کی، سمندروں کی گہرائیوں کو ناپا، لیکن کیا تم زمین پر ایک بچے کی زندگی محفوظ نہیں بنا سکتے؟

تم ترقی یافتہ دنیا کا دعویٰ کرتے ہو، مگر جس دنیا میں ایک بچہ اسکول میں محفوظ نہ ہو، وہاں ترقی کے تمام دعوے بے معنی ہیں۔

آج عالمی یومِ اطفال پر ہمیں جشن سے زیادہ احتساب کی ضرورت ہے، تقریروں سے زیادہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے اور خوب صورت نعروں سے زیادہ انصاف کی ضرورت ہے۔

میناب کے بچوں کی خاموشی کو ہماری خاموشی نہ بننے دیجیے۔ ان کی قبروں سے اٹھنے والی فریاد کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچائیے۔ ان کے خون کا انصاف مانگیے۔

ہم میناب کے شہید بچوں کے والدین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔ ان معصوموں کی یاد کو سلام پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے والدین کو صبرِ جمیل دے اور دنیا کے تمام بچوں کو جنگ، دہشت، ظلم اور تشدد سے محفوظ رکھے۔

میناب کے بچوں! تمہارے ہاتھوں میں جو قلم ہونا چاہیے تھا، وہ تمہارے لہو سے تاریخ لکھ گیا ہے۔ تمہارے بستے ملبے میں دب گئے، لیکن تمہاری یاد انسانیت کے ضمیر پر ایک ایسا سوال بن کر نقش ہوگئی ہے جس کا جواب آنے والی نسلیں بھی مانگتی رہیں گی۔

تمہارے لیے انصاف کی آواز کبھی خاموش نہیں ہوگی

تحریری حوالہ:

اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی میناب اسکول حملے سے متعلق رپورٹس۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ⁠ · ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ⁠ · ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ⁠

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha