۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
News ID: 360619
14 مئی 2020 - 22:30
اعتکاف

حوزہ/اعتکاف ایک ایسا عمل ہے جو ہمارا تزکیہ نفس تو کرتا ہی ہے ساتھ ساتھ اللہ سے وابستگی میں اضافہ کر دیتا ہے۔

اعتکاف کی تعریف اور احکام-
اعتکاف اسلام میں ایک مستحب عبادت کی طرح ہے جسکے معانی یہ ہیں کہ عبادت کی غرض سے ایک معینہ مدت (کم از کم 3 دن) کیلئے مسجد میں ٹھہر نا۔ روزہ رکھنا ،مسجد میں ٹھہرنا اور ہمہ وقت ذکرِ الٰہی میں مشغول رہنا یہ اعتکاف کے ارکان ہیں اور جو شخص اعتکاف کرتا ہے اُسے معتکف کہا جاتا ہے۔
اعتکاف مادہ "عکف” سے ہے جس کے معنی کسی چیز کی طرف متوجہ ہونے، رخ کرنے اور اس کی تکریم کرنے کے ہیں۔اور یہ لفظ قرآن کریم میں کئی مواقع پر اسی مفہوم میں استعمال ہوا ہے اور بعض لغت میں اسکے معنی "ٹھہر جانے” کے بھی ہیں کیونکہ معتکف ذکرِ الٰہی کے لئے مسجد میں رہتا ہے اور عبادت الٰہی میں مصروف و مشغول رہتا ہے
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اعتکاف کب کیا جائے تو اس ضمن میں یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ اعتکاف کے لیے کوئی دن معیّن نہیں ہیں البتہ روایات میں یہ بات موجود ہے کہ ماہ رمضان میں اعتکاف کرنے کے بہت فضیلت ہے اور رمضان میں بھی اسکا بہترین وقت ماہ رمضان کا آخری عشرہ جانا گیا ہے

کیا تمام مساجد میں اعتکاف کر سکتے ہیں یا مخصوص مساجد میں؟
اس سلسلے میں کچھ روایات آئی ہیں جن سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ اعتکاف کو مکہ میں مسجد الحرام، مدینہ میں مسجد النبیؐ اور کوفہ کی مسجد کوفہ نیز بصرہ کی مسجد کے لئے مختص کیا گیا ہے مگر ایسی روایتیں بھی آئی ہیں جو یہ بتاتی ہیں کہ جامع مسجد اور ہر اس مسجد میں اعتکاف کرنا جائز ہے جن کسی امام عادل نے نماز جماعت یا نماز جمعہ ادا کی ہو۔

شرط –
۱- روزہ :- اعتکاف کرنے والے کے لئے ضروری ہے کہ وہ روزہ رکھے اگر روزہ نہیں رکھتا ہے تو اسکا اعتکاف باطل ہے کیونکہ روزہ رکھنا اعتکاف کے ارکان میں سے ایک رکن ہے چنانچہ، اگر کوئی روزہ نہیں رکھ سکتا ـ جیسے مسافر، مریض، حائض یا نفساء [حیض یا نفاس کے ایام سے گذرنے والی] عورت، یا وہ شخص جو جان کر روزہ نہ رکھے ـ تو اس کا اعتکاف صحیح نہیں ہوگا
اور یہ ضروری نہیں ہے کہ اعتکاف میں اعتکاف سے مختص ہی روزہ رکھے بلکہ ہر روزہ جیسے نذر و قضا کا روزہ بھی رکھ سکتا ہے
۲- مسجد سے باہر نہ نکلنا -: اعتکاف کرنے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسجد کی حد سے باہر نہ نکلے۔۔لیکن خاص امور کی انجام دہی کے لیے وہ نکل سکتا ہے جیسے نماز جنازہ میں شرکت کرنے کے لئے وغیرہ۔۔
۳- محرمات سے بچنا :- اعتکاف میں معتکف کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان تمام کام سے بچے جو حرام ہے۔۔۔
مزید معلومات کے لئے اپنے مجتہدین کی طرف رجوع کریں کیونکہ اس بحث کی بڑی تفصیل ہے اور مزید احکام و شرائط ہیں۔۔

اہمیت:-
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:-"مومن مسجد میں ایسے ہوتا ہے جیسے مچھلی پانی میں۔اور منافق مسجد میں ایسے ہوتا ہے جیسے پرندہ قفس میں۔
اعتکاف کی اہمیت اسقدر ہیکہ بعض بزرگان اسلام نے اعتکاف کو حج اصغر کا نام دیا ہے۔اور بعض اولیاء الہی نے لباس احرام میں اعتکاف کیا۔
اعتکاف کا ثواب زیادہ ہے اور ذات خدا کے سوا کوئی اسکے ثوابات کو نہیں جانتا۔
خدا وند فر ماتا ہے:-روزہ میرا ہے اور میں اسکی جزا دونگا۔
امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں:- قلب اللہ کا حرم ہے پس حرم خدا میں غیر خدا کو نا رہنے دو
عظمت اور فضیلت خدا اس قدر زیادہ ہے کہ زمین،آسمان اپنی تمام وسعت کے ہوتے ہوئے بھی عظمت الہی کا دراک نہیں کر سکتے۔مگر مومن کا دل تزکیہ نفس کے ساتھ عظمت الہی کا ادراک کر سکتا ہے۔اور وہ اپنی نظروں سے عا لم برزخ کا مشاہدہ کر سکتا ہے۔جیسے کہ ایک صحابی سے رسول نے پوچھا "تم نے کیسے صبح کی”؟تو جواب میں کہا”حالت یقین میں صبح کی وہ بھی اس طرح سے کہ میں ضمیر افراد کو دیکھ رہا ہوں اور انکے مقام کو بہشت میں مشاہدہ کر رہا ہوں
بعض حضرات یہ خیال کرتے ہیں کہ اعتکاف کا مطلب دنیا سے کنارہ کی یا گوشہ نشینی ہے جبکہ ایسا نہیں ہے ۔اعتکاف بصیرت کے ساتھ اور احوال مسلمین کی اگاہی کے ساتھ رہنا چاھئے۔اسلئے کہ پیامبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:-"جس نے صبح کی اور مسلمانوں کے امور سے آگاہ نہیں ہے وہ مسلم نہیں ہے”

فوائد:-
الف- ظاہری طہارت اور باطنی طہارت

خدا فرماتا ہے:- إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ التَّوَّابِينَ وَيُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِينَ

. بہ تحقیق خدا توبہ کرنے والوں اور پاکیزہ رہنے والوں کو دوست رکھتا ہے(سورہ بقرہ آیت 222)

رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:- "ہمیشہ با وضو رہو تاکہ خدا وند تمہاری عمر کو طویل کرے اور اگر ہو سکے تو رات کو با وضو سویا کرو اسلئے کہ اگر باوضو دنیا سے چلے گئے تو شہید کا ثواب عطا ہوگا

امام صادق علیہ السلام نے فرمایا:- "ہر وقت اپنے اعضاء کو پاک رکھو اور اپنے قلب کو بھی تقویٰ اور یقین سے پاک کرو

ب:- تزکیہ نفس اور خود سازی

یہ ایسا مورد ہے جسکے سلسلہ میں خداوند نے سورہ شمس میں گیارہ مرتبہ قسم کھائی اور پھر تزکیہ نفس کے بارے میں کہا قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا

بے شک وہ کامیاب ہوگیا جس نے نفس کو پاکیزہ بنالیا

امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں:- "جو شخص اپنے نفس کا تزکیہ نہیں کرےگا وہ اپنے عقل سے فائدہ نہیں اٹھائیگا”

دوسری جگہ فرماتے ہیں "جو شخص اپنے آپ کو لوگوں کا امام،پیشوا کہتا ہے تو اسے چاہئے کہ دوسروں کو تعلیم دینے سے پہلے اپنے نفس کو تعلیم دے،اپنی زبان سے ادب سکھانے سے پہلے اپنے کردار سے ادب سکھائے،اور اپنے آپ کو تعلیم دینا اور ادب سیکھانا دوسروں کو تعلیم دینے اور ادب سیکھانے سے افضل ہے”

ج:- ذکر الہی:-

خدا وند نے ہر عبادات کی حدود کو مشخص کیا ہے جیسے نماز،روزہ،حج وغیرہ مگر خدا نے جس عبادت کی حدود معین نہیں کیا ہے وہ ذکر الہی ہے
خدا فرماتا ہے:’ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اذْكُرُوا اللَّهَ ذِكْرًا كَثِيرًا

ایمان والوں اللہ کا ذکر بہت زیادہ کیا کرو(سورہ احزاب آیت 41)

وَسَبِّحُوهُ بُكْرَةً وَأَصِيلًا

اور صبح و شام اس کی تسبیح کیا کرو(سورہ احزاب آیت 42)

رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم فرماتے ہیں:- "کبھی بھی اہل بہشت غمگین نہیں ہوتے ہیں مگر صرف ایک وقت کہ جب وہ ذکر الہی میں مشغول نہیں ہوتے ہیں”

ایک جگہ فرماتے ہیں:- "تین طرح کے لوگ ابلیس اور اسکے فوج سے بچے رہتے ہیں” ایک وہ لوگ جو ذکر خدا کرتے ہیں دوسرے وہ لوگ جو خوف خدا سے گریہ کرتے ہیں تیسرے وہ لوگ جو بہت زیادہ استغفار کرتے ہیں”

امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں:- "ہمیشہ ذکر خدا کرنا قلب اور فکر کی نورانیت کا سبسب بنتی ہے”

د:- خدا کی نشانیوں میں فکر کرنا:-

خدا فرماتا ہے:- إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ لَآيَاتٍ لِأُولِي الْأَلْبَابِ

بے شک زمین و آسمان کی خلقت لیل و نہار کی آمدو رفت میں صاحبانِ عقل کے لئے قدرت کی نشانیاں ہیں(سورہ آل عمران آیت 190)

الَّذِينَ يَذْكُرُونَ اللَّهَ قِيَامًا وَقُعُودًا وَعَلَىٰ جُنُوبِهِمْ وَيَتَفَكَّرُونَ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هَٰذَا بَاطِلًا سُبْحَانَكَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ

جو لوگ اٹھتے, بیٹھتے, لیٹتے خدا کو یاد کرتے ہیں اور آسمان و زمین کی تخلیق میں غوروفکر کرتے ہیں… کہ خدایا تو نے یہ سب بے کار نہیں پیدا کیا ہے- تو پاک و بے نیاز ہے ہمیں عذاب جہّنم سے محفوظ فرما(سورہ آل عمران آیت 191)

امام حسن علیہ السلام فرماتے ہیں:- "فکر کرو کہ یہ الب بصیر کی حیات ہے اور ابواب حکمت کی چابھیاں ہیں”
ھ:- غفلت سے دوری:-

خدا فرماتا ہے :- وَلَقَدْ ذَرَأْنَا لِجَهَنَّمَ كَثِيرًا مِنَ الْجِنِّ وَالْإِنْسِ ۖ لَهُمْ قُلُوبٌ لَا يَفْقَهُونَ بِهَا وَلَهُمْ أَعْيُنٌ لَا يُبْصِرُونَ بِهَا وَلَهُمْ آذَانٌ لَا يَسْمَعُونَ بِهَا ۚ أُولَٰئِكَ كَالْأَنْعَامِ بَلْ هُمْ أَضَلُّ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الْغَافِلُونَ

اور یقینا ہم نے انسان و جنات کی ایک کثیر تعداد کو گویا جہّنم کے لئے پیدا کیا ہے کہ ان کے پاس دل ہیں مگر سمجھتے نہیں ہیں اور آنکھیں ہیں مگر دیکھتے نہیں ہیں اور کان ہیں مگر سنتے نہیں ہیں -یہ چوپائے جیسے ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ گمراہ ہیں اور یہی لوگ اصل میں غافل ہیں(سورہ اعراف آیت 179)

امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں:- "ہمیشہ ذکر خدا کرنا غفلت سے دوری کا سبب ہے”

دوسری جگہ فرماتے ہیں:- "غفلت بینا کو نابینا کر دیتا ہے”

و:- نماز شب:-
قرآن کہتا ہے:- وَمِنَ اللَّيْلِ فَتَهَجَّدْ بِهِ نَافِلَةً لَكَ عَسَىٰ أَنْ يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَحْمُودًا

اور رات کے ایک حصہ میں قرآن کے ساتھ بیدار رہیں یہ آپ کے لئے اضافہ خیر ہے عنقریب آپ کا پروردگار اسی طرح آپ کو مقام محمود تک پہنچادے گا(سورہ اسراء آیت 79)

رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم فرماتے ہیں:- "جو شخص خدا اور روز قیامت پہ ایمان رکھتاہے وہ صبح نہیں کرتا مگر یہ کہ نماز شفع اور وتر پڑھ کے”

ز:- محاسبہ نفس:-
قرآن میں ہے:- يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ۖ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۚ إِنَّ اللَّهَ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ

ایمان والو اللہ سے ڈرو اور ہر شخص یہ دیکھے کہ اس نے کل کے لئے کیا بھیج دیا ہے اور اللہ سے ڈرتے رہو کہ وہ یقینا تمہارے اعمال سے باخبر ہے(سورہ حشر آیت 18)

وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ نَسُوا اللَّهَ فَأَنْسَاهُمْ أَنْفُسَهُمْ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ

اور خبردار ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جنہوں نے خدا کو اِھلادیا تو خدا نے خود ان کے نفس کو بھی اِھلا دیا اور وہ سب واقعی فاسق اور بدکار ہیں۔(سورہ حشر آیت19)

امام کا ظم علیہ السلام فرماتے ہیں:- "وہ ہم میں سے نہیں ہے جو ہر روز اپنے نفس کا محاسبہ نا کرے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گویا یہ بات سامنے آتی ہے کہ اعتکاف ایک ایسی عبادت ہے جس سے دوسری عبادات کی حقانیت کا اندازہ ہوتا ہے اور انسان کو ایک بہترین انسان ،متقی،پرہیزگار بننے کا موقع فراہم کرتا ہے
اعتکاف ایک ایسا عمل ہے جو ہمارا تزکیہ نفس تو کرتا ہی ہے ساتھ ساتھ اللہ سے وابستگی میں اضافہ کر دیتا ہے اور اعتکاف انسان کی ہدایت کے لیے خاموش پیغمبر کی طرح ہے۔جس طرح رسولوں نے اپنی زبان اور افعال کے ذریعے ہماری ہدایت کی اُسی طرح اعتکاف بھی اپنے ارکان سے ہماری ہدایت کرتا ہے ۔
مگر رمضان میں اعتکاف کرنے کی زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے یہ اللہ کا مہینہ ہے اور اس مہینے سے زیادہ کسی اور مہینے میں اتنی طاقت نہیں ہے کہ بندوں کو اسکے خالق سے قریب کر سکے۔رمضان میں اعتکاف کرنا نور علی النور کی منزل جیسی ہے ۔اعتکاف ایسی راہ کو کہتے ہیں جو راہی کو اپنی منزل واقعی یعنی قرب خدا تک رسائی کو ممکن بناتی ہے۔ مذکورہ آیات اور احادیث کی روشنی میں یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ اعتکاف بھی اُن اعمال میں سے ہے جسکی فضیلت عرش کے ستاروں سے کئی گنا ہے

از قلم: عرفان عابدی مانٹوی

نوٹ: حوزہ نیوز پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں حوزہ نیوز اور اس کی پالیسی کا کالم نگار کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .