حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الاضحی کے پابرکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحی ، ایثار کے عملی اظہار کا نام ہے۔ اس پُرمسرت موقع پر نادار طبقوں اور پڑوسیوں کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا معیار مہنگے ترین جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اخلاصِ نیت اور تقویٰ ہے۔انہوں نے کہا کہ روزمرہ زندگی میں قربانی کے جذبات معاشرتی امن اور بھائی چارے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ۔جس سماج میں ذاتی پسند و ناپسند کی قربانی دینے کی بجائے دوسرے کے نظریات کا خون کرنے کی روایت کو مقدم سمجھا جائے وہ تہذیبی تنزلی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ایک مہذب معاشرہ باہمی احترام سے پروان چڑھتا ہے۔بدقسمتی سے کچھ قوتیں پاکستان میں وحدت و اخوت کی خوشگوار فضا کو خراب کرنا چاہتی ہیں۔ان کا مقصد مذہب کے نام پر فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے۔ایسے عناصر سے انتہائی چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کا مقصد مقدسات کی توہین روکنا نہیں بلکہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی عظمت و مرتبے کی اس من پسند تاویل کو عام کرنا ہے جو قران و حدیث سے قطعی مطابقت نہیں رکھتی۔ایسے بل کی کوئی بھی باشعور اور غیر متعصب مسلمان تائید نہیں کر سکتا۔اس بل پر صرف تشیع ہی نہیں بلکہ اہل سنت کے علما کو بھی بہت سارے تحفظات ہے جن کا اظہار وہ میڈیا کے ذریعے کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید ایثار کے اس موقع پر ہم سب کو تجدید عہد کرنا ہو گا کہ باہمی اخوت و اتحاد کے فروغ کو مقدم رکھتے ہوئے کسی کے عقیدے کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔جو نادیدہ طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے مسلمانوں کو استعمال کرنا چاہتی ہیں ان کی شدت کے ساتھ حوصلہ شکنی کر کے ہم دشمنوں کے عزائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن سکتے ہیں۔
https://ur.hawzahnews.com/x9LQy
News ID: 361740
1 اگست 2020 - 02:17
- پرنٹ
حوزہ/ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الاضحی کے پابرکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحی ، ایثار کے عملی اظہار کا نام ہے۔ اس پُرمسرت موقع پر نادار طبقوں اور پڑوسیوں کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔