حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اصفہان سے، عیدسعید غدیر کی مناسبت سے آیت اللہ العظمی مظاہری نے اس عظیم دن کے اعمال کے معیار کے بارے میں، مومنین کی روحانی اور معنوی ترقی کیلئے مختلف ہدایات اور فرامین بیان کیے ہیں، جو مندرجہ ذیل ہیں:
بسم الله الرحمن الرحیم
عید سعید غدیر، عید اللہ الاکبر اور عید آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عہد و میثاق کا دن ہے ۔اور آئمہ اطہار صلوات اللہ علیہم اجمعین کی روایتوں کے مطابق اس عید کا شمار سب سے بہترین اور با فضیلت ترین عیدوں میں ہوتا ہے اور اسی وجہ سے ضروری ہے کہ اس عظیم عید کو منانے کا طریقہ بھی دوسری عیدوں سے منفرد ہونا چاہیے۔
1. اس مقدس دن کے اعمال میں : غسل ، روزہ ، نماز ، ذکر ، زیارت اور توسل شامل ہیں ، دوسرے معاملات کے مقابلے میں جس چیز پر زیادہ زور دیا گیا ہے وہ ہے دوسروں کی خدمت اور احسان اور مسکینوں کی ضرورتوں کو پورا کرنا ، خاص طور پر بیمار ، صلہ رحمی کی طرف توجہ ، خانوادے کے افراد پر دھیان دینا اور صیغہ اخوت پڑھنا اور ایک دوسرے کی غفلتوں اور کوتاہیوں کو معاف کرنا ہے ،اس طرح کے تمام معاملات یکجہتی ، اتحاد اور معاشرتی تعاون کی مثال اور علامت ہیں۔
ہمارے معاشرے اور پوری دنیا کی موجودہ صورتحال جو کئی مہینوں سے کورونا کی بیماری کا ایک بہت بڑا امتحان اور مصائب کا سامنا کر رہی ہے ، محبت، دوستی، مساوات، بھائی چارے، ہمدردی اور مساوات کی ترقی اور توسیع ، جو کہ ولایت پر مبنی ہے، اس کا بہترین ہدیہ جشن غدیر ہوگا۔
2 . چونکہ موضوع ولایت، اولیاء طاہرین علیہم السلام کا رتبہ اور خاص طور پر حضرت امیر المؤمنین علی ابن ابی طالب علیہم السلام کی معرفت اور شناخت حاصل کرنا اس عظیم دن میں ضروری ہے ،اس لئے ، عید غدیر کے دن اس امام کی خصوصی زیارت کی تلاوت کرنا نہایت مفید ہے ، جو کہ امام ہادی علیہ السلام کے ذریعے مختلف کتابوں اور محدث قمی قدس سرہ کی کتاب مفاتیح الجنان میں نقل ہوئی ہے اور اس زیارت میں علوم ولایت کے چشمے ہیں ،یہ بہت ہی مفید ہے ۔
3 . اس مقدس دن کے اعزاز اور احترام کا تقاضا ہے کہ ہم کسی بھی گناہ سے بچنے کی پوری کوشش کریں ، خاص طور پر اجتماعی گناہوں جیسے ظلم ، غیبت ، بہتان ، بددیانتی ، بدکاری، تفرقہ انگریزی اور خاص طور پر ایسے کاموں سے اجتناب کریں جسے موجودہ وبائی بیماری پھیلنے کا خدشہ ہو ۔
امید ہے کہ خدائے تعالٰی کی مدد اور حضرت ولی عصر«ارواحنافداه» کی دعاؤں اور خاص عنایت کی بدولت سے انسانی معاشرے میں موجود بلا (کورونا وائرس) دور ہو اور ان تین نکات کے مطابق (معرفت، محبت اور اطاعت) جو کہ اوپر بیان ہوئے ہیں ، ہم اولیاء الہی اور امیرالمؤمنین «سلاماللهعلیهم اجمعین» کے نیک اور قابل پیروکار ہوں ۔
انشاءاللہ تعالی