۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
News ID: 361885
8 اگست 2020 - 14:00
یہی عید اکبر ہے

حوزہ/دنوں میں عید فطر ، عید قربان اور عید غدیر کا خاص مقام ہے لیکن تمام اعیاد میں جو مقام و مرتبہ عید غدیر کا ہے وہ کسی دوسری عید کو نصیب نہیں ہوا اور یہی وجہ ہے کہ عید غدیر کو عید اللہ الاکبر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی | یوں تو ہر لمحہ،ہر وقت اور ہر دن پروردگار عالم کی مقدس ذات سے مخصوس ہے لیکن دین اسلام میں بعض ایسے دن ہیں جنھیں ایام اللہ کہا جاتا ہے اور ان دنوں کی محبت و عظمت ،شان و شوکت مسلمانوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ اور نمایاں رہتی ہے ان دنوں میں عید فطر ، عید قربان اور عید غدیر کا خاص مقام ہے لیکن تمام اعیاد میں جو مقام و مرتبہ عید غدیر کا ہے وہ کسی دوسری عید کو نصیب نہیں ہوا اور یہی وجہ ہے کہ عید غدیر کو عید اللہ الاکبر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ حضرت امام رضا علیہ السلام فرماتے ہیں: وهو عید الله الاکبر  ،اللہ کی سب سے بڑی عید(غدیر) ہے ۔ 

غدیر کے دن پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ نے پروردگار عالم کے حکم سے حضرت علی علیہ السلام کو اپنا خلیفہ اور جانشین مقرر کیا۔ لہذا یہ دن اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا اور اہم دن ہے۔

محمد ابن ابی نصر بزنطی فرماتے ہیں ایک مرتبہ میں امام علی رضا علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا آپکے پاس لوگوں کا ایک ہجوم تھا اور سب آپس میں  غدیر کے سلسلہ میں گفتگو کر رہے تھے بعض لوگ اس واقعہ کا انکار کر رہے تھے امام علیہ السلام نے فرمایا کہ میرے بابا نے اپنے والد بزرگوار سے روایت کی ہے کہ روزغدیر آسمان والوں کے یہاں زمین والوں سے زیادہ  مشہور اور مقبول ہے ۔اس کے بعد فرمایا اے ابی نصر: والله لَو عَرَفَ النّاس فَضلَ هذا الیَوم بِحَقیقَتِهِ لَصافَحتھمُ المَلائِکَة فی کُلِّ یَومٍ عَشرَ مَرّاة 

اگر لوگ اس دن کی قدر و قیمت کو جان لیتے تو اسمیں کوئی شک نہیں کہ آسمانوں کے ملائکہ روزآنہ ان سے دس مرتبہ مصافحہ کرتے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غدیر کی عظمت زمین والوں نے نہیں جانا۔تو پرودگار عالم نے بھی اپنے ولی کی اعلان ولایت کے دن کو آسمان والوں  میں زمین والوں سے زیادہ پہچنوادیا ۔

حضرت علی علیہ السلام کی نگاہ میں ہر وہ دن عید کا دن ہے جس میں انسان خدا کی نافرمانی نہ کرے: کل یوم لا یعصی الله فیه فهو عید

ہر وہ دن جس دن انسان اللہ کی نافرمانی نہ کرے وہ دن عید ہے ۔

نبی خدا روح اللہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پروردگار عالم سے دعا کرتے ہیں جس میں انہوں نے خدا وند متعال سے آسمانی دستر خوان کے نزول کی درخواست کی ہے-تاکہ وہ دن ان کیلئے اور ان کی آیندہ نسلوں کیلئے عید کا دن بن سکے : 

قَالَ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ اللَّـهُمَّ رَبَّنَا أَنزِلْ عَلَيْنَا مَائِدَةً مِّنَ السَّمَاءِ تَكُونُ لَنَا عِيدًا لِّأَوَّلِنَا وَآخِرِنَا وَآيَةً مِّنكَ سورئہ مائدہ١١٤

پروردگار ہمارے اوپر آسمان سے دستر خوان نازل کردے تاکہ ہمارے اول و آخر کےلئے عید ہوجائے اور تیری قدرت کی نشانی بن جائے-

تو اگر مادی نعمت کانزول نبی خدا کے لئے عید کاسبب ہے تو یقینا ولایت جیسی عظیم روحانی اور ایمانی  نعمت کا نزول اور اعلان،اس دن کو عید اکبر ہونے کی دلیل ہے-

اسی لئے بعض روایات میں اسے عید شیعہ یا عید اہلبیت علیہم السلام بھی کہا گیا ہے-امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں:

 انه یوم عید،جعله عیداًلنا لموالینا و شیعتنا 

غدیر عید کا دن ہے،خدا نے اسے ہمارے لئے اور ہمارے شیعوں کیلئے عید کا دن قرار دیا ہے ۔

پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ  ﷺ نے ارشاد فرمایا:يَوْمَ غَدِيرِ خُمٍّ أَفْضَلُ أَعْيَادِ أُمَّتِي وَ هُوَ اَلْيَوْمُ اَلَّذِي أَمَرَنِي اَللَّهُ تَعَالَى ذِكْرُهُ فِيهِ بِنَصْبِ أَخِي عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ عَلَيْهِ اَلسَّلاَمُ عَلَماً لِأُمَّتِي يَهْتَدُونَ بِهِ مِنْ بَعْدِي، وَ هُوَ اَلْيَوْمُ اَلَّذِي أَكْمَلَ اَللَّهُ فِيهِ اَلدِّينَ وَ أَتَمَّ عَلَى أُمَّتِي فِيهِ اَلنِّعْمَةَ، وَ رِضَيَ لَهُمْ اَلْإِسْلاَمَ دِيناً۔

غدیر میری امت کے لئے افضل ترین عیدوں میں سے ایک ہے اور یہ وہ دن ہے جب پروردگار عالم نے مجھے حکم دیا کہ میں اپنے بھائی علی ابن ابی طالب (علیھما السلام) کو اپنی امت کا علمدار  اور ذمہ دار بناؤں تا کہ میرے بعد میری امت انکے ذریعہ ہدایت حاصل کرے۔ اس دن اللہ نے دین کو مکمل اور میری امت پر نعمتیں تمام اور اسلام کو انکا بہترین اور پسندیدہ دین قرار دیا ہے ۔

تحریر: ظفر عباس لکھیم پوری،مبلغ جامعہ امامیہ

نوٹ: حوزہ نیوز پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں حوزہ نیوز اور اس کی پالیسی کا کالم نگار کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .