حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پُرامن معاشرے کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام وقت کی اہم ضرورت ہے۔تمام مسالک کے علما کو اتحاد بین المسلمین کی ضرورت وا ہمیت پر زور دینا ہو گا۔ کسی کے مقدسات کی توہین یا کسی بھی مسلک کی تکفیر اسلام دشمن قوتیں کی وہ شاطرانہ چالیں ہیں جن کے ذریعے امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کر کے کمزور کیا جا رہا ہے۔ہمیں ان سازشوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔
انہوں نے کہا ففتھ جنریشن وار سوشل میڈیا پر لڑی جانے والی وہ جنگ ہے جس کاہدف صرف اور صرف امت مسلمہ ہے۔مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کے لیے دشمن انتہائی منظم اور پُر حکمت انداز میں شرانگیزی میں مصروف ہے۔ ان سازشوں کا بروقت درک نہ کیا گیا تو عالم اسلام کی بقا کو سنگین خطرات سے دوچار ہونا پڑے گا۔
آخر میں کہا کہ تمام مسالک کے علما و خطباء پر یہ شرعی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے منبروں سے اتحاد و اخوت کا درس دیں۔ یہ وقت اختلافات پر الجھنے کا نہیں بلکہ مشترکات پر باہم ہونے کا ہے۔مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور نفاق پھیلانے والے قومی سلامتی کے دشمن ہیں اور اسلام مخالف قوتوں کی تقویت کا باعث ہیں۔