۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
عارف حسین الجانی

حوزہ/ قومی مفاد میں تحمل کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمیں قومی مفاد اور ملکی سلامتی عزیز ہے، اگر ملت تشیع سڑکوں پر آ گئی تو حکومت کا دھڑن تختہ ہو جائے گا،عارف حسین الجانی مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رواں ہفتے کوہاٹ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکام اور جانب دار پالیسی کا نتیجہ ہے ۔مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان برادر عارف حسین الجانی نے کوہاٹ میں محب وطن پاکستانیوں کی شیعہ شناخت کی بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ ایک ماہ سے پاکستان میں شرپسند عناصر فرقہ واریت کے ناسور کو دوبارہ پھیلانے میں سرگرم ہوچکے ہیں لیکن مُلک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔

تاہم ہم ملک میں کسی صورت فرقہ واریت کے پھیلاو کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں پاکستان امن کا گہوارہ ہے شیعہ سنی مسلمان یہاں باہم متحد ہیں لیکن تکفیری عناصر اپنے آقائوں کی خوشنودی کے لئے مسلکی اختلافات کوبگاڑ کر ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

مرکزی صدر کا کہنا تھا گزشتہ ہفتے کوہاٹ میں قیصر عباس کو دن دیہاڑے شیعہ شناخت پر قتل کیا گیا لیکن قاتلوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ۔اگر شہید قیصر عباس کے قاتلوں کو گرفتار کیا جاتا تو کوہاٹ میں دہشت گردی کا دوسرا لمناک واقعہ پیش نہ آتا ۔مرکزی صدر کا کہنا تھا ریاست مدینہ کے دعویٰ دار ملک میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں تکفیری عناصر متنازعہ تقرریں کرنے اور نعرے لگانے میں آزادہوچکے ہیں آئے دن ہماری نسل کشی اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہمارے لئے زمین تنگ کی جا رہی ہے، ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے شہدا کے وارثوں کو انصاف دلایا جائے۔

یاد رکھیں حکومت کفر سے تو باقی رہ سکتی ہے مگر ظلم سے نہیں۔آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ قومی مفاد میں تحمل کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمیں قومی مفاد اور ملکی سلامتی عزیز ہے، اگر ملت تشیع سڑکوں پر آ گئی تو حکومت کا دھڑن تختہ ہو جائے گا، دنیا ہمارے احتجاج کی تاریخ سے خوب واقف ہے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .