۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
علامہ باقر زیدی

حوزہ/ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی اور مذہبی ہم آہنگی کے خواہاں ہیں لیکن یہ تب ہی ممکن ہے جب باہمی احترام قائم رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیچھے عرب ریاستوں کا ہاتھ ہے، بحرین سمیت دیگر عرب ریاستیں اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدوں اور سفارتی روابط میں مصروف ہیں، پاکستان کے عوام کی طرف سے اسرائیل کے خلاف ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لئے انہیں آپس میں الجھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عدم استحکام عالمی استکباری قوتوں کے مفادات کے لئے نفع بخش ہے، فرقہ واریت کی آگ لگانے کے لئے یہود و نصاریٰ نے اپنے پے رول پر موجود کالعدم جماعتوں کی ایک بار پھر پشت پناہی شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کیلئے بھیانک کھیل کھیل رہے ہیں، پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے توہین و تکفیر کا بازار گرم کرکے گلی کوچوں میں فتنہ پھیلانے کی منظم منصوبہ بندی کو عملی شکل دی جا رہی ہے، پاکستان میں شیعہ نسل کشی کا دوبارہ آغاز تشویشناک ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ریاستی اداروں کی طرف سے خاموشی ان ملک دشمن عناصر کے لئے تقویت کا باعث بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملت تشیع کے خلاف انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں اور بے گناہ عزاداروں پر مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں جب کہ دوسری طرف کالعدم جماعتیں اپنے غنڈوں کے ہمراہ ہماری عبادت گاہوں پر حملہ اور تکفیر کے نعرے لگاتے پھر رہے ہیں، انہیں کوئی روکنے والا نہیں، قومی سلامتی کے اداروں کی یہ بے بسی سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی اور مذہبی ہم آہنگی کے خواہاں ہیں لیکن یہ تب ہی ممکن ہے جب باہمی احترام قائم رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسجد و امام بارگاہ پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .