حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ سید رضی جعفر نقوی نے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اور ممتاز عالم دین ڈاکٹر عادل خان کی سفاکانہ ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
میڈیا کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عادل خان کا قتل شہر کے پرامن حالات خراب کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب جبکہ حکومت سیاسی شعبدہ بازی میں مصروف ہے، مولانا عادل خان کے قتل سے ملک ایک جید عالم دین سے محروم ہوگیا۔
علامہ رضی جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، لیکن کوئی توجہ دینے پر تیار نہیں۔ صدر جعفریہ الائنس نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عادل خان کا قتل ناقابل معافی و تلافی نقصان ہے، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کی فوری گرفتاری یقینی بنائیں اور ملک دشمن عناصر کی سازش کے محرکات سامنے لائیں۔