حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ حج 2021 کورونا کی وبا کے پیش نظر قومی- بین الاقوامی پروٹوکول کے رہنما ہدایات پر منحصر ہوگا۔ پیر کو یہاں حج 2021 کے سلسلہ میں جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مختار نقوی نے کہا کہ حج- 2021 جون جولائی کے مہینے میں ہونا ہے، لیکن کورونا وائرس اور اس کے اثرات اور سعودی عرب اور حکومت ہند کے عوام کی صحت کا مکمل جائزہ لینے اور رہنما ہدایات کی بنیاد پر حج 2021 کا حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔
مختار نقوی نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا دیگر ہندوستانی ایجنسیاں جلد ہی 2021 میں حج کے لئے درخواستیں حاصل کرنے اور دیگر تیاریاں جلد ہی شروع کر دیں گی۔ حج- 2021 کی درخواست اور دیگر کارروائیوں کے سلسلہ میں سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے رہنما ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حج انتظامات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ ان میں ہندوستان اور سعودی عرب میں رہائش، ٹریفک، صحت اور دیگر انتظامات شامل ہیں۔
مختار نقوی نے کہا کہ حجاج کرام کی صحت اور تندرستی کورونا کی وجہ سے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ حکومت ہند اور دیگر متعلقہ ادارے اس سمت میں ضروری انتظامات کریں گے۔ حکومت اور حج کمیٹی نے اس سلسلے میں ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان 100 فیصد ڈجیٹل حج انتظامات کا نتیجہ ہے کہ کورونا کے سبب حج 2020 پر نا جاپانے والے ایک لاکھ 23 ہزار لوگوں کے 2100 کروڑ روپے بغیر کسی کٹوتی کے ڈی بی ٹی کے توسط سے واپس کردیئے گئے۔ اس دوران سعودی عرب کی حکومت نے بھی 2018-19 کے حجاج کرام کی آمد رفت کا تقریباً 100 کروڑ روپیہ بھی واپس کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مختار نقوی نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران حجاج کرام کے تقریباً 514 کروڑ رقم بھی کورونا مدت میں واپس کردی گئی ہے۔ ہندوستان میں 100 فیصد ڈجیٹل حج نظام کا نتیجہ یہ ہے کہ وبا کے دور میں بھی رقم براہ راست اکاؤنٹ میں بھیجی جاتی تھی، جو حج عمل کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ حج 2021 کی جائزہ میٹنگ میں وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری پی کے داس اور دیگر اعلی افسران - وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری وپل، وزارت شہری ہوا بازی کے جوائنٹ سکریٹری کے مشرا موجود تھے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید، جدہ میں ہندوستان کے قائم مقام قونصل جنرل وائی صابر، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ایم اے خان اور محکمہ صحت، ایئر انڈیا وغیرہ کے افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں حصہ لیا۔