۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
حدیث

حوزہ/ امام حسن عسکری علیہ السلام نے ایک روایت میں شیعوں کو انتہائی اہم نصیحتیں کی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام حسن عسکری علیہ السلام نے ایک روایت میں شیعوں کو انتہائی اہم نصیحتیں کی ہیں۔

اس روایت کا متن اس طرح ہے:

قال الامام الحسن عسکری علیہ السلام:

اُوصیکُم بِتَقوَی اللّه، وَالوَرَعِ فی دینِکُم، وَالاِجتِهادِ للّه ِِ، وصِدقِ الحَدیثِ، وأداءِالأَمانَهِ إلی مَنِ ائتَمَنَکُم مِن بَرٍّ أو فاجِرٍ، وطولِ السُّجودِ، وحُسنِ الجِوارِ، فَبِهذا جاءَ مُحَمَّدٌ صلی الله علیه و آله. صَلّوا فی عَشائِرِهِم، وَاشهَدوا جَنائِزَهُم، وعودوا مَرضاهُم، وأدّوا حُقوقَهُم، فَإِنَّ الرَّجُلَ مِنکُم إذا وَرَعَ فی دینِهِ وصَدَقَ فی حَدیثِهِ وأدَّی الأَمانَةَ وحَسَّنَ خُلُقَهُ مَعَ النّاسِ قیلَ: هذا شیعِیٌّ، فَیَسُرُّنی ذلِکَ. اِتَّقُوا اللّه َ وکونوا زَینًا ولا تَکونوا شَینًا، جُرّوا إلَینا کُلَّ مَوَدَّةٍ وَادفَعوا عَنّا کُلَّ قَبیحٍ، فَإِنَّهُ ما قیلَ فینا مِن حَسَنٍ فَنَحنُ أهلُهُ، وما قیلَ فینا مِن سوءٍ فَما نَحنُ کَذلِکَ. لَنا حَقٌّ فی کِتابِ اللّه ِ وقَرابَةٌ مِن رَسولِ اللّه ِ وتَطهیرٌ مِنَ اللّه ِ، لا یَدَّعیهِ أحَدٌ غَیرُنا إلاّ کَذّابٌ. أکثِروا ذِکرَ اللّه ِ وذِکرَ المَوتِ وتِلاوَةَ القُرآنِ وَالصَّلاةَ عَلَی النَّبِیِّ صلی الله علیه و آله، فَإِنَّ الصَّلاةَ عَلی رَسولِ اللّه ِ عَشرُ حَسَناتٍ. اِحفَظوا ماوَصَّیتُکُم بِهِ، وأستَودِعُکُمُ اللّه َ، وأقرَأُ عَلَیکُمُ السلام.

امام حسن عسکری علیہ السلام نے اپنے شیعوں سے فرمایا:

میں تمہیں تقویٰ اختیار کرنے، اپنے دین کی حفاظت کرنے، خدا کے لیے جدوجہد کرنے ، جس نے تمہارے سپرد امانت کی ہے اسے امانت واپس پلٹانے چاہے صاحب امانت نیک شخص ہو یا فاسق و فاجر، طولانی سجدہ کرنے اور ہمسائے سے نیک سلوک کرنے کی نصیحت کرتا ہوں کیونکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان امور کو ہم تک پہنچانے کے لیے تشریف لائے تھے۔

تم ہمارے (مخالف) قبائل کے درمیان نماز پڑھو، ان کے جنازوں کی تشییع میں شرکت کرو، ان کے مریضوں کی عیادت کرو، ان کے حقوق ادا کرو، کیونکہ جب بھی تم میں سے کوئی شخص اپنے دین میں پرہیزگار ہو گا، اپنے قول میں صادق ہو گا، امانت ادا کرتا ہو گا، لوگوں سے خندہ پیشانی اور اخلاق سے پیش آتا ہو گا تو ایسا شخص شیعہ ہو گا جو ہمیں خوشحال کرے گا۔ خدا کا تقویٰ اختیار کرو، ہمارے لیے باعث زینت بنو، ہمارے لیے ننگ و عار کا باعث نہ بنو۔ ہمارے لیے ہر قسم کی دوستی کو جلب کرو، ہر قسم کی قباحت کو ہم سے دور کرو کیونکہ ہمارے حق میں جو اچھائی بھی بیان کی جائے گی ہم اس کے اہل ہیں اور ہمارے بارے میں جو برائی بیان کی جائے گی ہم اس سے دور ہیں۔ کتاب خدا میں ہمارا حق ہے اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہماری قرابت داری ہے۔ خداوند عالم نے ہمیں پاک قرار دیا ہے اور ہمارے علاوہ جو بھی اس کا ادعا کرے گا وہ جھوٹا ہے۔

خدا اور موت کو بہت یاد کرو۔ قرآن مجید کی بہت زیادہ تلاوت کرو اور محمد و آل محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر زیادہ درود بھیجو کیونکہ محمد و آل محمد پر درود بھیجنے کے دس ثواب ہیں۔

جس کی میں نے تمہیں وصیت کی ہے اسے محفوظ رکھو۔ میں تمہیں خدا کے سپرد کرتا ہوں اور تم پر سلام بھیجتا ہوں۔

تحف العقول، ص487

تبصرہ ارسال

You are replying to: .