حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میر ظفر اللہ جمالی سیاست میں رواداری کی روشن مثال اور ایک منجھے ہوئے سیاستدان تھے،مرحوم کے انتقال سے بلوچستان ایک توانا آواز سے محروم ہوگیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی محب وطن اور عاجزی پسند شخصیت کے مالک تھے۔مشکل ترین حالات میںمرحوم نے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ملک کی خدمت کی اور مرحوم کی سیاسی و ملکی خدمات یاد رکھی جائینگی۔
علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھاکہ میر ظفر اللہ خان جمالی نے ہمیشہ اپنی روایات کو زندہ رکھا اور قول وفعل میں اتفاق کی مثال قائم کی وہ ایک انتہائی شفیق اور وضع دار شخصیت کے حامل تھے۔
علامہ ساجد نقوی نے لواحقین اور پسماندگان کیساتھ دلی اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔