۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محترمہ تحسین شیرازی اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے ضلع نارووال کا دورہ کیا اور آئی ایس او، آئی او سے تعلق رکھنے والی اور مدارس سے فارغ تحصیل فعال خواتین سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران ضلع ناروال میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کا تنظیمی سیٹ اپ بنانے کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں محترمہ رباب طاہرہ کو آرگنائزر نامزد کیا گیا، جبکہ محترمہ ظل فاطمہ، محترمہ راضیہ بتول اور محترمہ فروا راحت کو ڈپٹی آرگنائزر نامزد کیا گیا اور طے پایا کہ ضلع بھر میں تین ماہ کی ورکنگ کے بعد ضلعی سیکرٹری جنرل اور کابینہ کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس موقع پر خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ تحسین شیرازی کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اگر ہماری خواتین تعلیم یافتہ اور دینی تربیت سے آراستہ ہوں تو وہ نہ صرف اپنے گھر بلکہ معاشرے میں اہم تعمیری کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا جس طرح قیام پاکستان کی خاطر برصغیر کی مسلم خواتین نے لازوال کردار ادا کیا، اسی طرح آج بھی سیاست کے میدان میں ہماری باشعور خواتین کا آگے بڑھنا وطن عزیز کی سالمیت اور بقا کے لیے لازمی امر ہے۔

مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے ملک کے گوش و کنار میں تنظیم سازی کا عمل انجام دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے ہر گلی کوچے میں بہترین قرآن سینٹر اور تربیت گاہ کا قیام اور خواتین کے اندر ملک و قوم کی خدمت کے جذبے نیز ان کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو خواتین میں دین کے ساتھ ساتھ سیاسی شعور اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .