حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے مسلمان علماء نے سعودی عرب میں آل سعود کی جانب سے وہاں کے شیعہ نشین علاقوں میں اہل تشیع پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کیا۔ اس جلسے کے آخر میں ایک بیانیہ صادر کیا گیا جس میں آل سعود کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی گئی۔
لبنان کے علماء نے اپنے بیانیہ میں سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں العوامیہ ٹاؤن مسجد امام حسین علیہ السلام کو مسمار کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی۔
واضح رہے کہ یہ وہ مسجد ہے کہ جس میں شہید آیت اللہ نمر نماز پڑھایا کرتے تھے۔
علماء لبنان نے سعودی عرب کے نامور شیعہ عالم دین سید ہاشم الشخص کی ان کے گھر سے گرفتاری اور انہیں نا معلوم مقام پر منتقل کرنے کے آل سعود کے اقدام کی بھی مذمت کی۔
علمائے لبنان کے اس اجتماع نے عبادت گاہوں اور مذہبی شخصیات پر حملوں کو حقوق بشر اور آزادی بیان کے منافی قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کے علمبردار بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سید ہاشم الشخص کی رہائی اور منہدم ہونے والی مسجد کی تعمیر نو کے لیے ضروری اقدامات کریں۔