۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
کشتار مسلمانان هند

حوزہ/سنگھ پریوار ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے کیلئے مسلمانوں پر منظم حملوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا ہے اور مسلمانوں کے ذہنوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے مدھیہ پردیش کے چاند کھیڑی اور مندسور میں مسلمانوں کے مساجد اور مکانات پر سنگھی غنڈوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس نے مدھیہ پردیش میں مسلمانوں پر منظم حملے کا منصوبہ بنایا ہے۔

اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹر ی محمد شفیع نے کہا ہے کہ سنگھی غنڈے ریاستی بی جے پی حکومت کی بھر پور حمایت سے مدھیہ پردیش میں غیر محفوظ ماحول پیدا کررہے ہیں۔

محمد شفیع نے مزید کہا ہے کہ سنگھی غنڈوں نے چاند کھیڑی میں مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر ان پر ظلم کیا، ان پر حملہ کیا اور ان کا قیمتی سامان لوٹ لیا ہے۔ سنگھی غنڈوں نے مندسور میں مسجد پر حملہ کیا اور میناروں اورمسجد کی عمارت کو نقصان پہنچایا ہے۔ یہ سارے واقعات پولیس کی موجودگی میں پیش آئے جو خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے۔

ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹر ی محمد شفیع نے اس دراندازی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنگھ پریوار ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے کیلئے مسلمانوں پر منظم حملوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا ہے اور مسلمانوں کے ذہنوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔

محمد شفیع نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوویڈ وبائی مرض کے سلسلے میں جب دفعہ 144نافذ ہے تو پولیس ریلی نکالنے کی اجازت کیسے دے سکتی ہے اور کیوں پولیس نے سنگھی غندوں کو مسلمانوں کے گھروں سے ایودھیا رام مند ر کیلئے فنڈ جمع کرنے کی اجازت دی؟۔

محمد شفیع نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ان مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی جو سنگھی حملوں سے خود کو بچارہے تھے جب سنگھی غنڈوں نے مسلمانوں کے گھروں پر حملہ کیا۔یہ ریاستی بی جے پی حکومت کے ایما پر پولیس کا سراسر متعصبانہ اور فرقہ وارانہ رویہ ہے۔

ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے مطالبہ کیا ہے کہ شر پسندوں اور ان کے رہنماؤں اور غیر ذمہ دار پولیس افسران پر بھی سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کو متنبہ کیا کہ اسے منو واد اور آر ایس ایس کے اصولوں پر نہیں ہندوستانی آئین کے اصولوں پر کام کرنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .