حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ المہدی امریکہ کے سربراہ اور امام جمعہ نیویارک علامہ سخاوت حسین سندرالوی نے آج ایک بیان میں ہزارہ شیعیان علی ع کے مچھ کوئٹہ میں ہاتھ پاؤں باندھ کر قتل کرنے کو تکفیریوں کی بھیانک سازش قرار دیا۔
انہوں نے کہا شہید تو بلند درجہ پا گئے انھی کے خون سے تکفیری ایسے ہی تباہ ہونگے جیسے شام، عراق، یمن، افغانستان اور سعودی عرب میں اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکے۔ انہوں نے کہا آیت اللہ باقر نمر کی برسی کے موقعہ نہتھے مزدور طبقہ شیعوں کا قتل دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ 72 سالوں سے پاکستان میں شیعہ نسل کشی ہورہی ہے۔ جتنا زور حکومت اپوزیشن کو زیر کرنے میں لگا رہی ہے اتنا دہشت گردوں پر لگاتی تو آج ملک امن کا گہوارہ بن جاتا۔ ہمارے جبری اغوا کیے گئے افراد ابھی بازیاب نہیں ہوئے اور مزدور طبقہ غریب شیعوں کو حب اہل بیت ع کے جرم میں ہاتھ پیر باندھ کر ذبح کیا جارہا ہے۔ فرقہ واریت اور دہشت گردی روکنے کیلئے کوئی ادارہ نہیں ہے۔ را اور موساد کے ایجینٹ ملک بھر میں دندنا رہے ہیں۔ تکفیریوں کو مقدسات مذہب کے خلاف کھلی چھٹی ہے۔ شیعیان علی ع کے خلاف بین الاقوامی سازشیں ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستاننی شیعوں سے شام، عراق، افغانستان، لیبیا، یمن، نائیجیریا، سعودی عرب، بحرین اور پوری دنیا میں تکفیری عسکری قوتوں کی پسپائی کا بدلہ لیا جا رہا ہے۔ آج داعش، القاعدہ، طالبان اور سپاہ صحابہ جیسی عسکری تنظیموں کا قلع قمع ہو گیا ہے تشیع نے ہر ظالم و جابر کا مقابلہ کیا ہے۔ عرب اسرائیل کی کاسہ کیسی کر رہے ہیں مگر شیعہ ڈٹے ہوئے ہیں۔ آج محمد بن سلیمان تکفیری نظریات سے براات کر رہا ہے ہزاروں مطوعوں کو تبلیغ کے شعبہ سے نکال رہا ہے۔ لاکھوں مسلمانوں کے خون کا حساب کون دے گا۔
علامہ سندرالوی نے مزید کہا کہ ہمارے اہل سنت بھائی سمجھیں کل تک شیعوں کو کافر کہلوانے والے آج اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں۔کل تک فلسطین کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہ کرنے کا کھوکھلا دعوی کرنے والے آج اسرائیل نواز ہوگئے۔ گرگٹ کی طرح عربوں کے سیاسی رنگ بدل رہے ہیں اللہ تعالی امت مسلمہ میں اتحاد برقرا فرمائے اور ہم سب کو مظلوم کی حمایت اور ظالم سے براات کی توفیق خیر مرحمت فرمائے۔
انہوں نے کہا کوئی انصاف کا ادارہ، اقوام متحدہ یا انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس از خود اقدام کرکے نائیجیریا کی حکومت سے آیت اللہ زکزکی کی نظر بندی کا قانونی ثبوت مانگے۔ بحرین، سعودی عرب، افغانستان ، پاکستان میں شیعہ نسل کشی پر احتجاج کرے۔ یمن میں حوثیوں کی نسل کشی رکوائے آیت اللہ سندرالوی نے کہا آج فلسطین سے دست بردار ہونے والے کل کشمیر کو چھوڑینگے اور پھر جس ظالم کا دل چاہے گا وہ کھل کر امت مسلمہ کو قتل کریگا۔ انہوں نے کہا شیعیان علی ع کی عظمت کو سلام جو ایک طرف اتحاد امت کے قائل ہیں۔ جنازے اٹھانے کے باوجود قانون شکنی کے خلاف ہیں اور دوسری طرف صیہونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ اللہ انکی حفاظت فرمائے۔
انہوں نے آخر میں شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ہزارہ برادری کے بھائی بہنوں بالخصوص خانوادہ ہائے شہداء سے اظہار تعزیت و تسلیت کیا۔